اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ لگتا ہے آئندہ حج بھی ریگولر انداز کا نہیں ہوگا، سعودی حکومت نے حج انتظامات کے حوالے سے ہمیں انتظار کا کہا ہے۔وفاقی تعلیمی بورڈ میں مدارس دینیہ کی اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نور الحق قادری نے کہا کہ ہم حج کے حوالے سے عوام کی تشویش سے آگاہ ہیں اور سعودی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ لگتا ہے اس مرتبہ بھی ریگولر حج نہ ہو سکے لیکن اس بار شاید تعداد حاجیوں کی پچھلی مرتبہ سے زیادہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سعودی حکام نے کہا ہے کہ ابھی حاجیوں سے درخواستیں نہ لیں، جب تک تعداد ہمارے سامنے نہیں آتی اس وقت تک ایئر لائنز سے بات کرنے کا فائدہ نہیں ہے۔ سعودی حکام سے ابھی تک حج کے حوالے سے ایم او یو سائن نہیں ہوا۔ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سیاسی آدمی ہیں لیکن ہر چیز کو سیاست کی بھینٹ چڑھاتے ہیں۔ عمران خان کی سیاسی پیشنگوئیاں حقیقت بن کر سامنے آ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوپن بیلٹنگ سے سینٹ انتخابات اسی لئے ہیں۔ سیاسی فضا اب گرم ہونے کی بجائے ٹھنڈی ہو رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل رہی ہے۔ تحریک لبیک کی 16 فروری کو احتجاجی کال بارے انہوں نے کہا کہ معاملہ حل کر لیا جائے گا، ہم افہام و تفہیم سے آگے چلیں گے ۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمنوں کو تصادم کرانے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جو دینی مدارس شرائط پر پورا اترتے ہیں ان کو اسناد جاری کی جائیں گی، وزارت تعلیم میں بڑی تبدیلی کررہے ہیں تاکہ مدارس کا معاملہ خوش اسلوبی سے آگے بڑھے۔نورالحق قادری نے کہا کہ علما اور حکومت کے درمیان ایک خلیج تھی، موجودہ حکومت اس کو ختم کررہی ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مدارس کے نظام کو مزید مضبوط کررہے ہیں اس کو کمزور نہیں ہونے دیں گے.