اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں،شبلی فراز
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سینیٹ انتخابات کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے
پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا
وزیراعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، میڈیا سے گفتگو
پشاور(ویب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا ، وزیراعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی سینیٹ انتخابات کی شفافیت پر مخالفت سمجھ سے باہر ہے تاہم پاکستان تحریک انصاف سینیٹ الیکشن میں شفافیت کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان جو قدم اٹھا رہے ہیں اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے اس سے سینیٹ میں پیسے کا کلچر ختم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پیسے کا کلچر ختم ہو گاتو قابل لوگ منتخب ہو کر آئیں گے اور وزیر اعظم کے اقدام سے جن لوگوں میں خدمت کا جذبہ ہو گا وہی سامنے آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیشہ ہر الیکشن پر انگلیاں اٹھائی گئی ہیں، ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتے ہیں کہ سینیٹ کے انتخابات کے بعد کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔انہوں نے کہا کہ شاید اپوزیشن انتخابات میں پیسے کے کلچر کو ختم نہیں کرنا چاہتی، مجھے سینیٹ الیکشن کے لیے وزیراعظم نے دوسری بار ٹکٹ دیا جو اعزاز ہے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ تمام چیزیں پرانے پاکستان کی بنیاد پر ہوں، پرانے پاکستان میں لوگوں کو خریدا جاتا تھا اور اپوزیشن یہی چاہتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہمیں قانون سازی سے متعلق مشکلات کا سامنا رہا، سینیٹ میں ہماری اکثریت سے قانون سازی میں درپیش رکاوٹیں دور ہو جائیں گی، ووٹ خریداری ویڈیو میں جو منظرنامہ دیکھا گیا اس پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیسے کا کلچر ختم ہوگا تو عام لوگوں کو عوام کی خدمت کا موقع ملے گا، اپوزیشن پرانا پاکستان چاہتی ہے جہاں ضمیر بیچے جاتے ہیں، یقین ہے پی ٹی آئی کے اراکین پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم سینیٹ انتخابات میں ووٹ کی خرید و فروخت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات سے جمہوری نظام مضبوط ہوتا ہے لیکن حزب اختلاف خود کو ماضی سے علیحدہ نہیں کرنا چاہتی۔