موبائل مینو فیکچررز کی پیڈ موبائل مینو فیکچرننگ کو اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے کیلئے انڈسٹری کی سرپرستی اور مالی معاونت کرنا ہو گی
لاہور (ویب ڈیسک)
پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی تکمیل کیلئے ٹیکنالوجی کے حصول کے ساتھ ساتھ استعداد کار بڑھانے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے پیشگی تیاری کرے ، کی پیڈ موبائل مینو فیکچرننگ کو اینڈرائیڈ ٹیکنالوجی سے تبدیل کرنے کیلئے حکومت کو انڈسٹری کی سرپرستی اور مالی معاونت کرنا ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے ڈپٹی وائس چیئرمین سردار خان نے مینو فیکچررز کے وفد سے ملاقات میںگفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ سردار خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دسمبر 2022 تک فائیوجی کی لانچنگ کیلئے اقدامات کااعلان قابل ستائش ہے لیکن دوسری جانب یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہم اس ٹیکنالوجی سے استفاد ہ کرنے کیلئے استعداد کار رکھتے ہیں ۔ اس ٹیکنالوجی کے آنے سے اینڈرائیڈ موبائلزکا درآمدی بل مزید بڑھ جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اینڈرائیڈ موبائل کی ٹیکنالوجی کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پرپیشرفت کرے اور اس کیلئے کارپوریٹ سیکٹر کی کی معاونت حاصل کی جائے ۔حکومت تمام بڑے شہروںمیںٹیکنالوجی زونزکا قیام عمل میں لائے ، اگرحکومت ہر شخص کے ہاتھ میں سستا موبائل فون دینا چاہتی ہے ہے تو اسے اپنی انڈسٹری کی مدد کے لئے آگے آنا ہوگا۔