لاہور (ویب ڈیسک)
صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم کے تحت قرضوں پر سبسڈی اورکم شرح سود پر قرضوں کی مد میں 10 ارب روپے مختص کرنے سے مائیکرو ، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی، انہیں مستحکم بنانے میں مدد ملے گی اور کاروبار پر کورونا وبا کے اثرات کا خاتمہ ہو گا۔ اتوار کو شہریار علی کی سربراہی میں نوجوان تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے دی گئی ان بہترین سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن جمیل احمد جمیل نے صدر سارک چیمبر کو ان قرضوں کے حوالے سے ایک پریزنٹیشن میں بتایا کہ کارپوریشن چھوٹی اور کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے قرضوں کی فراہمی، شیڈول بینکوں کو کریڈٹ گارنٹی کے اجرا ، انفراسٹرکچر تک رسائی، بزنس ایڈوائزری سروسز، مارکیٹنگ چینلز ، عمومی سہولیات ، کاریگروں کی کالونیوں کے قیام ، ڈیزائن سنٹرز ، ورکشاپس اور دستکاری کی ترقی کیلئے سہولیات فراہم کرتی ہے۔ ایم ڈی نے مزید بتایا کہ ایم ایس ایم ایز کے لئے تجارتی قرضوں کے مارک اپ کو کم سے کم کرنے اور موجودہ کاروبار پر کوویڈ کے اثرات پر قابو پانے کیلئے کے لئے مارک اپ سپورٹ اور رسک کوریج کی فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور صوبائی حکومت کا اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر پنجاب روزگار اسکیم میں خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری صلاحیتوں کے حامل یونیورسٹی گریجویٹس اور تکنیکی و پیشہ ورانہ اداروں کے ڈپلومہ و سرٹیفکیٹ رکھنے والوں کے ساتھ ساتھ کورونا سے متاثرہ کاروباروں کو قرضوں کی فراہمی کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ اس سے تقریبا 60000 ایس ایم ایز کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے جس سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر 1.6 ملین سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال کی ہدایت پر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک سینئر افسر کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ کسی قسم کی پریشانی اور مشکل کے بغیر ان درخواستوں کو تیز رفتاری اور ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جاسکے۔ اب تک ہر لحاظ سے مکمل 3500 درخواستوں کو قرضوں کی فراہمی کے لئے بینک کو بھجوا دیا گیا ہے۔ افتخار علی ملک نے تفصیلی پریزنٹیشن پر ایم ڈی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بزنس کمیونٹی کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے تمام چھوٹے چیمبرز اور تجارتی اداروں کو بھی متحرک کیا جائے گا۔