اسلام آباد (ویب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا اولین ترجیح ہے،حوصلہ افزائی کے لئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبارمیں ٹیکس چھوٹ دی ہے،بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کی بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ نوجوانوں کی ترقی، کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک وقوم کی تعمیر، ترقی اورخوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا۔ یہ صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے، بجٹ میں نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوانوں کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبارکے آغاز سے نوجوانوں کوپاکستان کی ترقی کا معمار بنانا ہے، نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کے لیے بجٹ میں آئی ٹی کاروبارمیں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکیج سے زراعت اورکسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا، بجٹ کے ذریعے زرعی شعبے کیلئے مراعات جاری رکھیں گے، ان اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ داربنارہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اورکاروباری قرضوں سے کسان، نوجوان اورپاکستان خوشحال ہوں گے۔