اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزارت داخلہ کی جانب سے ویزا پالیسی میں تبدیلیوں سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ قلیل مدتی ویزا درخواستوں کو سیکیورٹی کلیئرنس سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی دستاویز کے مطابق غیر ملکیوں کو پاکستان کا 30 روز کا میڈیکل اور تین ماہ کا ورک ویزا 48 گھنٹے میں مل سکے گا۔ دستاویز کے مطابق غیر ملکیوں کو تین ماہ تک کا میڈیکل ویزا 48 گھنٹوں میں جاری کیا جائے گا، جسے 1 سال تک بڑھایا جا سکتا ہے تاہم ایک سال کا میڈیکل ویزا کی درخواست پر 30 روز میں فیصلہ کیا جائے گا اور اس کے لئے درخواست گزار کی سیکیورٹی کلیئرنس اور متعلقہ ہسپتال کے لیٹر لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔
غیر ملکی پاکستان میں ورک ویزا پر بھی آ سکیں گے، تین ماہ تک کے ورک ویزا کی درخواستوں پر فیصلہ 48 گھنٹے میں ہوگا۔ قلیل المدتی ورک ویزا سیکورٹی کلیئرنس سے مشروط نہیں ہوگا، تین ماہ کیلئے ورک ویزے میں 2 سال تک کی توسیع ہو سکے گی، جس کے لئے معاہدہ ملازمت، سی وی، کمپنی، لیٹر، پروفائل اورایس ای سی پی رجسٹریشن لازمی قرار دیئے گئے، اس کے ساتھ ساتھ طویل مدتی ورک ویزا کیلئے سیکورٹی کلیئرنس، سرمایہ کاری بورڈ کا لیٹر لازمی ہوگا۔
حصول تعلیم کیلئے پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کو 2 سال کا ویز جاری کیا جائے گا، سٹڈی ویزہ کے لئے سیکورٹی اداروں کی کلیئرنس اور غیرملکی طالب علم یا طالبہ کو اپنے ملک سے متعلقہ وزارت کا این او سی بھی درخواست کے ساتھ دینا ہوگا۔