اسلام آباد (ویب ڈیسک)
الیکشن کمیشن نے جیلوں میں قید ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انہیں سینیٹ کے الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے لیے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے۔
سینیٹ الیکشن جلد ہی منعقد ہونے والے ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں تاہم کچھ جماعتوں کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی مختلف مقدمات میں جیلوں میں قید ہیں جن کے ووٹ کا معاملہ مشکوک تھا تاہم صورتحال اب واضح ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے جیلوں میں قید ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے اور کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف، خورشید شاہ، خواجہ آصف، علی وزیر اور ایم پی اے حمزہ شہباز کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے دیا جائے۔
الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور چیئرمین نیب کو ہدایات جاری کی ہیں کہ زیر حراست قومی و صوبائی اسمبلی اراکین کی 3 مارچ کو ایوان میں لایا جائے تاکہ وہ اپنا ووٹ ڈال سکیں۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ووٹ ڈالنا ہر شخص کا حق ہے اور کسی کو اس کے حق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، قانون کے مطابق الیکشن کمیشن غیر جانب دارانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرانے کا پابند ہے۔