پنجاب، کئی شہروں میں شدید دھند، موٹر وے بند
ٹریفک روانی متاثر،گاڑیوں میں آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت
لاہور(ویب نیوز)پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند چھائی رہی ،موٹروے بند جبکہ ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ کم ہو جانے کے سبب کئی جگہوں پر موٹر وے کو بند کر دیا گیا جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے۔مانگا منڈی، پھول نگر ، پتوکی، جمبر، رینالہ خورد، اختر آ باد، اوکاڑہ میں دھند کا راج رہاجبکہ قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حدِ نگاہ 40میٹر رہی ۔گجرات شہر اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ۔شکر گڑھ اور اس کے مضافات میں بھی دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، نارووال کرتار پور روڈ پر حدِ نگاہ 20میٹر رہی ۔پیٹرولنگ پولیس کے مطابق نارووال لاہور اور مرید کے روڈ پر حدِ نگاہ 10سے 30میٹررہی ۔موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹر وے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک، ایم تھری لاہور سے رجانہ تک بند کر دی گئی ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت کے تحت موٹر وے بند کی گئی۔ موٹر وے پولیس کے ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، انتہائی ضرورت کے تحت سفر کرنے والے گاڑیوں میں آگے اور پیچھے فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔موٹر وے پولیس کے ترجمان نے کہا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، شہری معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کریں۔