اسلام آباد فاؤنڈرلائنز کلب کے زیر اہتمام مادری زبان کے عالمی دن کو منانے کیلئے سمینار کا انعقاد
حکومت علاقائی مادری زبانوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔ عبدالرحمٰن خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) اسلام آباد فاؤنڈر لائنز کلب کے زیر اہتمام مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پرایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اسلام آباد فاؤنڈر لائنز کلب کے صدر شیخ عامر وحید نے تقریب کی صدارت کی۔ باصر داؤد، محمد نوید ملک، انجینئر اظہرالسلام، فہیم خان، ناصرہ علی نینا، فیضان شہزاد، آسیہ چوہدری، ذیشان صادق، صبا رخسانہ میر، حمزہ ملک اور یاسر حبیب نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ مادری زبان ہر علاقے کی تہذیب وثقافت کا اہم حصہ ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کی ہر قوم اپنی مادری زبان سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنی مادری زبان میں بات چیت کرنے اور اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرنے میں بہت سہولت محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مادری زبان پرفخر محسوس کرنا چاہیے اور اس کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
عبدالرحمٰن خان نے کہا کہ پاکستان کی قومی زبان اردو ہے لیکن اس وقت بھی ہمارے ملک کے مختلف علاقوں میں 70 سے زائد علاقائی مادری زبانیں بولی جاتی ہیں جن میں پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی، سرائیکی اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بحیثیت قوم علاقائی مادری زبانوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کریں اور بچوں کو شروع میں اپنی مادری زبان میں تعلیم دینے کا بندوبست کریں کیونکہ اپنی مادری زبان میں پڑھنا بچوں کیلئے بہت آسان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مادری زبان قومی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب مل کر علاقائی مادری زبانوں کے فروغ کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام علاقائی مادری زبانوں کی تاریخ و تہذیب کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کرے اور ان کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے میں ہرممکن سہولت فراہم کرے۔ انہوں نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر سمینار کا اہتمام کرنے پر اسلام آباد فاؤنڈر لائنز کلب کے صدر شیخ عامر وحید اور سیکرٹری محمد نوید ملک صاحب کی کاوش کو سراہا اور اس اہم تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔