مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود حکومت نے بجٹ میں عوام کی سماجی ترقی کیلئے قابل عمل اقدامات کئے ہیِں، اسحاق ڈار

غیر قانونی انسانی سمگلنگ دنیا بھر میں ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اسے جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے

وزیرخزانہ کی برطانیہ کے وزیرمملکت انڈریومچل سے ورچوئل میٹنگ میں گفتگو

اسلام آباد(ویب  نیوز)

وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ مشکل اقتصادی صورتحال کے باجود حکومت نے بجٹ میں عوام کی سماجی اوراقتصادی ترقی کیلئے قابل عمل اقتصادی فیصلے اوراقدامات کئے ہیِں۔انہوں نے یہ بات برطانیہ کے خارجہ، دولت مشترکہ اورترقیاتی آفس کے وزیرمملکت انڈریومچل سے ورچوئل میٹنگ میں کہی۔ برطانیہ کے وزیر مملکت نے یونان میں کشتی الٹنے کے حالیہ واقعہ میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے تعزیت وصول کی اوران کاشکریہ اداکیا۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی انسانی سمگلنگ دنیا بھر میں ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے اور اسے جلد از جلد ختم کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر خزانہ نے برطانوی وزیرکو آئی ایم ایف کے ساتھ 9ویں جائزے پر مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیااور بتایا کہ پاکستان نے تمام پیشگی اقدامات بروقت مکمل کر لئے ہیں اور بڑے اقتصادی اشاریوں کے حوالے سے مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے مشکل معاشی حالات میں کئے جانے والے عملی معاشی فیصلوں اور حکومت کی جانب سے حالیہ بجٹ کے ذریعے عوام کی سماجی اور معاشی بہتری کے لئے تجویز کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔برطانیہ کے وزیرمملکت نے کہاکہ حکومت پاکستان مختلف پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی استحکام لانے کے لئے کام کررہی ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کو مسلسل حمایت اور مدد کا یقین بھی دلایا۔