مشکل حالات میں عوام کیلئے وزیراعظم کے ریلیف اقدامات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ محمدشکیل منیر
امید ہے وزیراعظم صنعتی شعبے کو ترقی دے کر پاکستان کو مضبوط معیشت بنائیں گے۔ جمشید اختر شیخ، فہیم خان

اسلام آباد (ویب نیوز  )

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے قوم سے خطاب کے دوران اگلے بجٹ تک عوام اور صنعت کے لیے ریلیف اقدامات کا خیرمقدم کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ان مثبت اقدامات سے سے عوام کو بہتر ریلیف ملے گا جبکہ کاروباری طبقے کو نیا اعتماد ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کافی بڑھ گئی تھی جس وجہ سے عو ام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا لہذا ان مشکل حالات میں پیٹرولیم مصنوعات میں 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کے نرخوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی سے عوام کی مشکلات کچھ کم ہوں گی اور ان کی قوت خرید بہتر ہو گی جس کے کاروبار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کو ٹیکس چھوٹ دینے کے ساتھ ساتھ آئی ٹی اسٹارٹ اپس کو کیپٹل گین ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کے وزیر اعظم کے اعلان کا بھی خیرمقدم کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان اقدامات سے آئی ٹی شعبے کو نئی توانائی فراہم ہو گی جبکہ ملک کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹس کے لیے ہنر پر مبنی انٹرن شپ پروگرام کے اجراء سے صنعتی شعبے کے لیے ہنر مند افرادی قوت فراہم ہو گی اور صنعتوں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی پاکستان میں انڈسٹری قائم کرنا چاہتا ہے یا اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے اس سے کوئی سوال نہیں پوچھا جائے گا جو بہت حوصلہ افزاء ہے کیونکہ اس سے ملک میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا اور صنعت کاری کو بہر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے صنعت کے لیے الگ پیکج کا اعلان کرنے کا عندیہ دیا ہے جو بہت خوش آئند ہے تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیکیج کے تحت تمام صنعتوں کو وہی مراعات فراہم کی جائیں جو کنسٹرکشن انڈسٹری کو دی گئی تھیں جس سے ملک میں ایک نیا صنعتی انقلاب رونما ہو گا اور پاکستان پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر اور محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل بہتر صنعتی ترقی سے وابستہ ہے لہذا انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم صنعتی شعبے کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ پاکستان کو خطے کی ایک ابھرتی ہوئی معیشت میں تبدیل کیا جا سکے۔