کراچی :رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں 21لاکھ ٹیکس گزاروں کونوٹسزجاری کیئے
کراچی(ویب نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیونے رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں حاصل کردہ محصولات کی تفصیلات جاری کردیں،ایف بی آر نے 21لاکھ ٹیکس گزاروں کونوٹسزجاری کیئے ہیں_ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تا فروری ہدف سے زائدریونیوحاصل کیا۔ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تافروری 2916ارب روپے کانیٹ ریونیوحاصل کیاہے۔یہ ہدف اسی عرصے کے مقرر کردہ ہدف2898ارب روپے سے زائدہے،اس طرح پچھلے سال اسی عرصے کے حاصل کردہ نیٹ ریونیو 2750ارب روپے کے مقابلے میں 6فیصداضافی حاصل ہواہے۔ایف بی آر نے ماہ فروری کے اعدادو شمار بھی جاری کردیئے ہیں،ماہ فروری میں ریونیو نیٹ کلیکشن 343ارب روپے رہاہے،ماہ فروری کامقرر کردہ ہدف 325ارب روپے تھا۔رواں مالی سال کے پہلے 8ماہ میں گراس ریونیو پچھلے سال کے 2823ارب روپے کے مقابلے میں9فیصداضافے کے ساتھ 3068ارب روپے رہا،رواں مالی سال میں اب تک 152ارب روپے کے ریفنڈجاری کیئے جاچکے ہیںاس سال اب تک ریفنڈکے اجراء میں 97فیصداضافہ حاصل ہواہے۔28فروری تک ٹیکس سال 2020کے لیئے انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعدا د26لاکھ23ہزارہوچکی ہے،پچھلے سال کے مقابلے میں ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعدادمیں 8فیصداضافہ ہواہے۔ایف بی آر نے 21لاکھ ٹیکس گزاروں کونوٹسزجاری کیئے ہیں،ایف بی آر نے پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک ہونے والے بڑے ریٹیلرزکی تفصیلات جاری کی ہیں، 9952 مشینیں پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ساتھ منسلک کی جاچکی ہیں۔