کراچی :بینک اسلامی کا پی آئی اے کے ساتھ ان کے طیاروں کی مشترکہ برانڈنگ کا معاہدہ
کراچی(ویب نیوز)اسلامی بینکاری میں پاکستان کے سر فہرست ادارے، بینک اسلامی نے بینک کو ترقی کی نئی منازل تک رسائی دیتے ہوئے،پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کے ساتھ ان کے طیاروں کی مشترکہ برانڈنگ کا معاہدہ کرلیا۔قومی پرچم بردارایئر لائن کے تمام طیاروں کو بینک اسلامی کے ہیڈریسٹ اور تکیوں کے غلاف سے سجایا جائے گا، جس سے موجودہ اور متوقع کسٹمرز کو بینک اسلامی سے متعلق واقفیت اور شناسائی حاسل ہوگی۔پی آئی اے یومیہ بنیاد پر 100 پروازوں کے ساتھ 43 مقامات کے لیے اپنی خدمات بہم فراہم کرتا ہے، جونہ صرف اسے کنیکشنز کی تعداد کے لحاظ سے سب سے بڑی ایئر لائن قرار دیتی ہے بلکہ ساتھ ہی پاکستان بھر میں سفر کرنے والے لوگوں کی اولین ترجیح بھی بنا تی ہے۔شراکت داری کے اس عمل کے ذریعے بینک اسلامی ملک کے ایک اہم مالیاتی ادارے کے طور پر اپنے برانڈ کے مثبت تصور اور اس کی شناخت کو بڑھا رہاہے۔اپنے متعلقہ شعبہ جات میں دو اہم اداروں کے درمیان ہونے والے اس اشتراک سے نہ صرف بینک اسلامی کے لیے نئے کسٹمرز تک رسائی حاصل کرنے کے حوالے سے نئی راہیں تخلیق ہوں گی بلکہ ساتھ ہی موجودہ کسٹمرز سے تعلقات بھی مستحکم ہوں گے۔اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بینک اسلامی کے صدر اور سی ای او، سید عامر علی نے کہا کہ "ایک ایسے وقت میں جب عوام کو مالی سہولیات کے حوالے سے سادہ اور آسان ذرائع کی فراہمی ناگزیر ہوگئی ہے،بینک اسلامی اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ کسٹمرز تک رسائی کا یہ عمل ٹیکنالوجی کے لحاظ سے فن مہار ت کا حامل اور شرعی اصولوں کے بھی عین مطابق ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پیش کردہ پراڈکٹس موزوں اور اہم ترین ہیں اور پی آئی اے کے ساتھ اس اشتراک کا ہمارا بنیادی مقصد مقامی طور پر سفر کرنے والے مسافروں کوبینک اسلامی کی جانب سے ایک ادارے کے طو رپر پیش کی جانے والی سہولیات، تحفظ اور ذہنی سکون سے آگاہی دیتے ہوئے ان کی توجہ حاصل کرنا ہے۔بینک اسلامی پاکستان کا وہ پہلا شیڈول اسلامی بینک ہے جو اپنی 340 سے زائد برانچز کے ساتھ ملک بھر کے 123 شہروں میں پھیلا ہوا ہے۔بینک اسلامی ربا سے پاک پراڈکٹس اور خدمات میں مہارت کا حامل ہے،جوکسٹمرز کو انتہائی کارگر اور دوستانہ انداز سے فراہم کی جاتی ہیں۔