جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا الیکشن کمیشن آفس سندھ کے باہر مشترکہ مظاہرہ ، اتوار کومقامات پر احتجاج کا اعلان

اپنی سیٹیں واپس لیں گے ، الیکشن کمیشن فارم 45کے مطابق درست نتائج جاری کرے ،حافظ نعیم الرحمن  کا خطاب

کراچی کی کسی بھی نشست پر ایم کیو ایم نے 10 ہزار ووٹ بھی نہیں لیے، عوام نے ترازو اور پی ٹی آئی کو ووٹ دیئے

مظاہرے سے ڈاکٹراسامہ رضی،منعم ظفر خان ،سیف الدین ایڈوکیٹ ، آفتاب جہانگیر،بیر سٹر عبد الجلیل کا خطاب

کراچی(ویب  نیوز)

جماعت اسلامی کے تحت الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ رویے، پُر امن و آزادانہ و منصفانہ انتخابات میں ناکامی، بدترین دھاندلی و نتائج تبدیل کر کے جماعت اسلامی اورتحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستوں اور مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے، شہر پر دہشت گرد ٹولے کو مسلط کرنے ،انتخابات کے دن کراچی میں پولنگ اسٹیشنوں پر قبضوں و پُر تشدد واقعات کے ذمہ داران کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن سندھ آفس کے باہر ہفتے کو مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، مظاہرے کے شرکاء نے الیکشن کمیشن کی نااہلی، بد ترین دھاندلی،جعلی و بوگس ووٹنگ اور جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں چھیننے کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور پُرجوش نعرے لگائے ، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے، حافظ نعیم الرحمن کی آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا اور حافظ کے نعرے لگائے گئے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کی جیتی ہوئی سیٹیں چھیننے اور مینڈیٹ پر قبضے کے خلاف احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ اتوار 11فروری کو شہر کے 8اہم مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ،جن میں غربی ،سائٹ غربی،وسطی ،جنوبی،شمالی، کورنگی ، قائدین،گلبرگ اورشرقی کے اضلاع شامل ہیں،اپنی سیٹیں واپس لیں گے ، الیکشن کمیشن فارم 45کے مطابق درست نتائج جاری کرے ۔انہوں نے کہا کہ   الیکشن کمیشن کو بھی یقینی طور پر معلوم ہو گا کہ شہر کی کسی بھی نشست پر ایم کیو ایم نے 5 ہزار ووٹ بھی نہیں لیے ۔ہمارے پاس فارم 45 ہیں جس میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں صرف جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں نے ہی جیتی ہیں۔ الیکشن کمیشن سن لے اسے اپنا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے حقیقی مینڈیٹ کو ہمیشہ تسلیم کیا ہے اور مسلط کردہ لوگوں کی مزاحمت کی ہے۔ ہم نے پی ٹی آئی کے دوستوں سے پہلے بھی کہا تھا  اور پھر کہتے ہیں جماعت اسلامی پی ٹی آئی کے لوگوں کا مقدمہ بھی لڑے گی۔تمام فارم 45 جمع کرلیں ہر محاذ پر مینڈیٹ کے خلاف جدوجہد کریں گے اور لڑیں گے۔ درست نتائج بازیاب کرائیں گے ۔  مظاہرے سے نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،  جنرل سیکریٹری منعم ظفر خان ، نائب امراء سیف الدین ایڈوکیٹ اورپی ٹی آئی کے رہنما آفتاب جہانگیر اور بیرسٹر عبد الجلیل نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ آج  الیکشن کمیشن آفس، سندھ کے باہر زبردست احتجاج کرنے والے اہل کراچی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ 8 فروری کو کراچی سمیت ملک بھر میں عوامی مینڈیٹ کی توہین کی۔ الیکشن کے دن موبائل و انٹر نیٹ سروسز بند کردی لیکن پاکستان کے عوام اپنی رائے دینے کے لیے بڑ ی تعداد میں گھروں سے باہر نکلے ہیں۔کراچی میں بھی عوام نے شہر کو تباہ و برباد کرنے والوں ، آزمائے ہوئے لوگوں اور پھٹے ہوئے غباروں کو مسترد کر دیا جس پرکراچی کے عوام خراج تحسین ومبارکباد کے مستحق ہیں لیکن اسٹیبلشمنٹ کے گملوں میں پلنے والوں کو ایک بار پھر شہر میں زندہ کیا جارہا ہے۔بلدیہ فیکٹری میں 259لوگوں کو زندہ جلانے والوں کو زبردستی مسلط کر کے اہل کراچی کے ساتھ بہت بڑی زیادتی کی جارہی ہے ۔  شہر میں بھتہ خوروں ، بوری بند لاشوں اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کا تسلط کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ جن غباروں میں زبردستی ہوا بھری گئی ہے وہ غبارے بہت جلد پھٹنے والے ہیں۔ وڈیروں اور جاگیرداروں نے کراچی کے شہریوں کو تباہ و برباد کردیا۔ کراچی کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے وڈیروں اور جاگیرداروں اور ان کے آلہ کاروں کو مسترد کردیا ہے۔#