اسرائیل نے ہم پرحملہ کیا تو دن میں تارے دکھا دینگے،حزب اللہ کی دھمکی
حزب اللہ مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کر یگی ،ہم لبنانی قوم کے دفاع کی فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں،نعیم قاسم
بیروت(صباح نیوز) لبنانی مزاحمتی تنظیم ”حزب اللہ”کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہم پرحملہ کیا تو صہیونی دشمن کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حزب اللہ کے رہنما نے اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز کے بیان کے رد عمل میں کہا کہ ہم اپنے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں، اسرائیل پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں مگر اسرائیل نے ہم پر حملے کی کوشش کی تو صہیونی ریاست کو دن میں تارے دکھا دیں۔حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے بارے میں بات کرتے ہوئے نعیم قاسم نے کہا کہ کچھ لوگ لبنانی قوم کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس مقصد کے لیے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا اور لبنانی مزاحمت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ حزب اللہ مزاحمت کا راستہ ترک نہیں کرے گی۔ ہم لبنانی قوم کے دفاع کی فرنٹ لائن پر کھڑے ہیں۔ دشمن کے لیے آسان نہیں کر سکتے۔
اسرائیلی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینیوں کو ان کے 7 مکانات مسمار کرنے کے نوٹس جاری کر دیئے۔فلسطینی عوامی رابطہ کمیٹی کے رکن راتب الجبور نے کہا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے مشرقی یطا میں ماعین کے مقام پر فلسطینیوں کے7 گھروں کو غیر قانونی قرار دے کر انہیں مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے مقامی شہریوں عمر جبریل حمامدہ کے 130 مربع میٹر پر موجود مکان، اسماعیل حمادہ کے 140 مربع میٹر مکان، موسیٰ کامل مخامرہ کے 150 مربع میٹر مکان، ابراہیم محمد خلیل دبابسہ کے 130 مربع میٹر، طارق زیاد حمادہ کے 160 مربع میٹر، ابراہیم ابو عرام کے 140 مربع میٹر پربنے مکان کو مسمار کرنے کا حکم دیا ہے۔راتب الجبور نے کہا کہ صہیونی حکام نے ماعین کے مقام پر فلسطینیوں کے دسیوں مکانات مسمار کرنے کا منصوبہ تیار کر رکھا ہے ۔