اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے سینٹ الیکشن میں عدم شفافیت پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط لکھا ہے۔ وزیراعظم نے سپیکر سے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ہو جائیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نے خط کے ذریعے مزید کہا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ حالیہ سینٹ انتخابات میں ایک مرتبہ پھر پیسہ چلا۔ ہر سطح پر شفاف انتخابات کے لیے انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ سینٹ انتخابات میںمیری جماعت نے اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ کیا ہے ۔ہم قومی اسمبلی میں بل بھی لائے۔ سپریم کورٹ نے بھی انتخابات کو شفاف بنانے کی ہدایت کی لیکن بد قسمتی سے الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا ۔ووٹ کی شفافیت جمہوریت کے لیے غلط پریکٹیسز کو روکنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہو چکی ہیں۔ اس لیے ایک پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے اور انتخابی اصلاحات کی جائیں تاکہ آئندہ جو بھی انتخابات ہوں وہ شفاف ہوں جن پر کوئی بھی سیاسی جماعت الزام نہ لگا سکے۔