اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فوج اور عمران خان ایک پیج پر ہیں ادارے رائے دیتے ہیں فیصلہ حکومت کو کرنا ہوتا ہے ، انتخابی عمل شفاف بنانے کیلئے حکومت 10 انتخابی اصلاحات کرنے جارہی ہے، پی پی پی اور ن لیگ کی صلح تھی نہ ہے اور نہ کبھی ہوگی۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم انتخابی اصلاحات کے حامی ہیں وہ چاہتے ہیں کہ انتخابات ا یسے شفاف ہوں کہ کوئی انگلی نہ اٹھاسکے۔ عمران خان بہت محنتی وزیراعظم ہیں وہ صبح سے شام تک میٹنگز کرتے ہیں ۔ عمران خان خبروں پربھی نظر رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ تھوڑے عرصے بھی ساتھ نہیں چل سکتیں ، پی پی اور ن لیگ کا کسی جگہ اتفاق و اتحاد نہیں دیکھتا ۔ شیخ رشید نے کہاکہ انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں ریفارمز کیلئے کسی کا تعاون بھی چاہیے ہو ہمیں لینا چاہیے۔ ہمیں تعاون حاصل کرنے کیلئے چل کر جانا چاہیے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کھل کر نہیں کھیل رہے۔ سیاست میں ہاتھ آسمان یا پائوں پر لگانا پڑتے ہیں ،سیاست میں شہباز شریف اورحمزہ کی طرف سے کوئی رسپانس نہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ اپوزیشن نے حکومت میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ عمران خان اورفوج ایک پیج پر ہیں فوجی ادارے اپنی رائے دیتے ہیں یہ نہیں ہوسکتا ادارے اپنی رائے نہ دیں۔ ادارے رائے دیتے ہیں فیصلہ حکومت نے کرنا ہوتا ہے۔