وزیراعظم عمران خان کی صحت بہت اچھی، علامات معمولی نوعیت کی ہیں، ڈاکٹر فیصل سلطان
اسلام آباد(ویب نیوز)معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی صحت بہت اچھی ہے ان کو کورونا کی علامات معمولی نوعیت کی ہیں ، قوی امید ہے وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گے۔ سرکاری ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے 18 تاریخ کو کورونا ویکسین لگوائی تھی۔ کوئی بھی ویکسین فوراً اثر نہیں دکھاتی قوت مدافعت دو سے تین ہفتے میں ملتی ہے۔ وزیراعظم کوجب ویکسین کی پہلی ڈوز لگی تو ایسا لگتا ہے کہ ان کے جسم میںوائرس پہلے سے موجود تھا۔ وزیراعظم نے خودکو آئیسولیٹ کرلیا ہے۔ وزیراعظم سے جن افراد کابراہ راست رابطہ ہوا تو ان کو بھی خود کو علیحدہ کرلینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں کورونا کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں ملک میں کورونا کا پھیلائو9فیصد تک پہنچ چکا ہے آئے روز بڑی تعدا د میں نئے کیسز سامنے آرہے ہیں میری عوام سے درخواست ہے کہ وہ ایس او پیز کو ضرور جاری رکھیں۔ کوشش کریں گھر پر رہیے غیر ضروری طورپر گھرسے باہرنہ نکلیں۔ ماسک کا ضرور استعمال کیجئے۔ کم ازکم 6فٹ کا فاصلہ رکھیے اورہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔ ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئیے اور سینی ٹائزر کا استعمال کیجئے ۔ ملک بھر میں کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے آپ 6 سال سے زائد اپنے عزیز و اقارب کو ضرور ویکسین لگوائیے۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا پیغام
نئی دہلی (ویب نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے، ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیغام جاری کرتے ہوئے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خا ن کے لئے کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات ظاہرکئے ہیں ۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پہلے سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے وزیراعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے