برسلز (ویب ڈیسک)
یومِ پاکستان کے تناظر میں سفارتخانہ پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یوروپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات میں قوم کو مبارکباد پیش کی اور قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر سماجی فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJ & K) کے عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اپنے پیغام میں، سفیرِ پاکستان ظہیر جنجوعہ نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک آزاد وطن کے لئے تاریخی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ جدوجہد ایک ایسے خطے کے لیے تھی جہاں وہ پوری مذہبی، ثقافتی اور معاشرتی آزادیوں کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکتے ہوں۔
انہوں نے فلسفی شاعر علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات اور وژن کی اہمیت پر زور دیا، جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی پسند، متعدل اور جمہوری ملک ہونے کا تصور دیا۔
پاکستان کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے حکومت کی طرف سے ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف انصاف کی جدوجہد میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔
بیلجیئم کی حکومت کی COVID-19 وبائی مرض سے متعلق ایس او پیز کے مطابق، تقریب کو سفارتخانے کے عہدیداروں کی حد تک محدود رکھا گیا تھا۔