پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے،حافظ حسین احمد
مولانا فضل الرحمان فوری ( اپنے گھر ) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی طرف لوٹیں..حافظ حسین احمد
جے یو آئی کے تمام دھڑے ختم کرکے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں
مریم نواز کی کیا قابلیت ہے؟ پارٹی کی بڑی شخصیات مریم نواز کے پیچھے کھڑی ہوتی ہیں
پشاور میں جمعیت علما اسلام کے سیکریٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے مولانا خان محمد شیرانی کے ہمراہ پریس کانفرنس
پشاور(ویب نیوز)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنما حافظ حسین احمد نے کہاہے کہ جے یو آئی کے تمام دھڑے ختم کرکے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں، جے یو آئی کو بھی موروثی جماعت بنانے کی کوشش کی گئی، مولانا فضل الرحمان کو صدارتی الیکشن لڑنے سے منع کیا تھا ، پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر گیا ہے،مولانا فضل الرحمان فوری طور پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی طرف لوٹیں۔پشاور میں جمعیت علما اسلام کے سیکریٹریٹ کا افتتاح کرتے ہوئے مولانا خان محمد شیرانی اور حافظ حسین احمد نے پریس کانفرنس کی۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں مولانا فضل الرحمن اور ان کے بیٹے کو قومی اسمبلی انتخابات سے روکا لیکن مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کے کہنے پر انتخابات میں حصہ لیا۔حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنی ساکھ کو بچانے کے لیے لگے ہوئے ہیں جبکہ جے یو آئی میں نظریات کی سیاست کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا شیرازہ بکھر گیا ہے۔حافظ حسین احمد نے سوالیہ انداز میں کہا کہ مریم نواز کی کیا قابلیت ہے؟ پارٹی کی بڑی شخصیات مریم نواز کے پیچھے کھڑی ہوتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اور مولانا شیرانی مولانا فضل الرحمن سے پہلے پارٹی کے رکن بنے۔