پولنگ سٹیشنز کے اندر پولیس جبکہ پولنگ سٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز تعینات ہو گی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75ڈسکہ کے ضمنی الیکشن کے لئے نیا اور سخت سکیورٹی پلان تیار کر لیا۔ ضمنی انتخاب فوج کی سکیورٹی میں کرایا جائے گا۔ پولنگ سٹیشنز کے اندر پولیس تعیناتی ہو گی جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج اور رینجرز تعینات ہو گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 75ڈسکہ ضلع سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے سخت سکیورٹی پلان تیار کر لیا ۔ ضمنی انتخاب فوج کی سکیورٹی میں کرایا جائے گا۔ ڈسکہ ضمنی انتخاب کے لئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کو تعینات کیا جائے گا۔ پولیس پولنگ سٹیشنز کے اندر جبکہ رینجرز اور پاک فوج پولنگ سٹیشنز کے باہر تعینات کی جائے گی۔ انتخابی مواد اور پولنگ عملے کی حفاظت رینجرز اور فوج کے سپرد ہو گی۔ ریٹرننگ آفیسر نے فوج تعیناتی کی سفارش الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھجوادی ہے جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے این اے 75ڈسکہ کے حوالہ سے فیصلہ کے بعد وفاقی حکومت کو فوج تعینات کرنے کے لئے خط لکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان فیصلہ کرے گی کہ کیا پورے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کروائی جائے یا مخصوص پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کرائی جائے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے (ن)لیگ کی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کی درخواست پر پورے حلقہ میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا تاہم پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ میں 10اپریل کو دوبارہ انتخاب کروانے کے فیصلہ کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا ہے اور کیس کے حتمی فیصلہ کے بعد الیکشن کمیشن دوبارہ پورے حلقہ یا چند پولنگ اسٹیشنز پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔