حفیظ شیخ اور دیگر مارشلائی موسمی پرندوں کی تبدیلی سے مثبت معاشی تبدیلی ممکن نہیں
اگرچہ پی ڈی ایم کی بنیادپیپلز پارٹی نے رکھی ہے تو آج مہمان پارٹیاں ہی اس کے خلاف ”پارٹی“ بن گئی ہیں
اسلام آباد/کوئٹہ (ویب ڈیسک)
جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سینئر رہنما اور ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ امپورٹڈ کابینہ نے ملک کے معاشی کھیت کو اجاڑ دیا ہے، حفیظ شیخ اور دیگر مارشلائی موسمی پرندوں کی تبدیلی سے مثبت معاشی تبدیلی ممکن نہیں، پی ڈی ایم کی دیگرپارٹیاں پیپلز پارٹی کے خلاف ہی ”پارٹی“ بن گئی ہیں، اپوزیشن کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے عمران نیازی بڑی ”بے نیازی“ سے چین کی نیند سورہے ہیں۔ وہ بدھ کو اسلام آباد سے کوئٹہ روانگی پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے کرکٹ کاورلڈ کپ جیتنے والے کی سیاسی کھیل کی کابینہ میں قومی کھلاڑیوں کے بجائے پی ایس ایل کے طرز پر امپورٹڈ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، عمران خان کے بلندوبانگ دعوؤں کی قلعی اس وقت کھل گئی جب تحریک انصاف کے جیالوں کو نظر انداز کر کے پی ایس ایل کی طرز پر امپورٹڈ کابینہ تشکیل دینے پر کپتان کومجبور کیا گیا اور اس کی وجہ سے ان کو ”یو ٹرن خان“ کا نیا نام اپنانا پڑا، حافظ حسین احمد نے کہا کہ اب حفیظ شیخ اور دیگر مارشلا ئی موسمی پرندوں کی تبدیلی سے مثبت معاشی تبدیلی ممکن نہیں کیوں کہ جس بے دردی سے آئی ایم ایف کے اس غول نے وطن عزیز کے جس معاشی کھیت کواجاڑا ہے اب اس کا اتنا جلد سنورنا ممکن نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگرچہ پیپلزپارٹی نے ہی پی ڈی ایم کی بنیاد رکھی ہے تو آج پی ڈی ایم کی دیگر مہمان پارٹیاں ہی پیپلزپارٹی کیخلاف ”پارٹی“ بن گئی ہیں اس لیے اپوزیشن کے حوالے سے عمران نیازی بڑی”بے نیازی“ سے چین کی نیند سورہے ہیں۔