وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن کو نظر انداز،آٹا، چینی اور دیگر اشیا سستی قیمت پر فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومت اقدامات اور کارکردگی کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے،شیخ رشید احمد
اسلا م آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو نظر انداز کرنے کی ہدایت کردی۔ جبکہ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ آٹا، چینی اور دیگر اشیا سستی قیمت پر فراہم کی جائیں،شیخ رشیداحمد وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،وزیراعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات ہوئی۔ ، ملاقات میں امن اومان اور مجموعی سیاسی صورتحال سمیت رمضان المبارک میں سیکیورٹی انتظامات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعد میں میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہاکہ وزیراعظم نے اپوزیشن کو نظر انداز کرنے کا کہہ دیا کیونکہ ہمیں حزب اختلاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حکومت اقدامات اور کارکردگی کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ آٹا، چینی اور دیگر اشیا سستی قیمت پر فراہم کی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیرخزانہ سے کہہ دیا کہ وہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے لیے بھرپور اقدامات کریں،علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں موجودہ ملکی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو پی ڈی ایم پر بات کرنے سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ اپوزیشن کے بیانات پر جوابات کے بجائے حکومتی کارکردگی اجاگر کریں، شوگر مافیا کے خلاف پہلی دفعہ جامع ایکشن ہو رہا ہے، سٹے بازوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے، رمضان میں عوام کو چینی سستے داموں میسر ہوگی۔وزیراعظم عمران خان نے سٹے بازوں کے خلاف ون ونڈو آپریشن کا قانون لانے کی منظوری دے دی اور میڈیا سے متعلق امور پر خصوصی کمیٹی بھی قائم کردی جس میں فواد چوہدری، شبلی فراز، فیصل واوڈا، یوسف بیگ مرزا شامل ہیں۔ کمیٹی حکومتی کارکردگی اور بیانیے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرے گی۔