خوشاب (ویب ڈیسک)
خوشاب میں سندرال روڈ پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 4افراد کو قتل کردیا۔ خوشاب سندرال روڈ پر پہلے سے گھات لگائے مسلح افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا ، فائرنگ سے گاڑی میں سوار 4 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، واقعے کے فوری بعد مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد پیشی کے لیے کچہری آرہے تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے اور ڈھاک برادری کے لوگوں نے راجا برادری کے افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن اشفاق خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او خوشاب کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی۔