بدقسمتی سے ایسے قرضے لیے جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں،عمران خان
ملک پر قرضوں کا بوجھ ہے،ڈھائی سال میں 35 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا
وزیراعظم کا فراش ٹائون اسلام آباد میں فلیٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے ہماری کوششیں کامیاب ہوگئیں، ملک پر قرضوں کا بوجھ ہے، ڈھائی سال میں 35 ہزار ارب روپے کا قرضہ واپس کیا،بدقسمتی سے ایسے قرضے لے لیے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں ۔عمران خان نے نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت ایک اور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت فراش ٹائون اسلام آباد میں فلیٹس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سی ڈی اے نے فراش ٹان اپارٹمنٹس کے لیے بہترین ہوم ورک کیا ہے، دو سال میں فراش ٹائون میں لوگوں کو گھر ملیں گے۔ دو ہزار ایسے لوگوں کو فلیٹ ملیں گے جو فلیٹ کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے، میرا خواب ہے کہ کچی آبادی والوں کے پاس مالکانہ حقوق آجائیں، حکومت کو غریب کو سستے قرضے دینے کی کوشش کامیاب ہوگئی ہے، غریب آدمی کو اپنا گھر بنانے کیلئے سستے قرضے فراہم کئے ہیں، سستے گھروں کے لئے کئی مراحل طے کئے ہیں، ماضی میں بینکوں کو چھوٹے لوگوں کو قرضے دینے کی عادت نہیں تھی، بینکوں سے چھوٹے قرضے حاصل کرنے میں لوگوں کو اب بھی مشکلات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے فراش ٹائون کے فلیٹ بھی وقت پر مکمل ہوں گے،ملک میں مورگیج فناسنگ کا اسٹرکچر نہیں تھا لیکن آسان قرضوں کے لیے ہماری کوششیں کامیاب ہو رہی ہیں، لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہوتا اس لئے کچی آبادی بن جاتی ہے، کچی آبادی کے لوگوں کو 600 گھر دے رہے ہیں،میرا خواب ہے کہ کچی آبادی والوں کے پاس مالکانہ حقوق آجائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ،پچھلے مہینے ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے،بدقسمتی سے ماضی میں ایسے قرضے لے لئے گئے ہیں جن سے مزید قرضے چڑھ رہے ہیں، ن لیگ نے ڈھائی سال میں بیس ہزار ارب قرضہ واپس کیا، ہم نے اسی مدت میں 35 ہزار ارب قرض اور انکی قسط کی مد میں ادا کئے۔عمران خان نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ پر حکومت سندھ سے بات کررہے ہیں، کراچی میں بنڈل آئی لینڈ کی وجہ سے باہر سے پیسہ آئے گا جس سے روپیہ مزید مضبوط ہوگا،دو ڈیم بنا رہے ہیں، زرعی پیداوار اور سستی بجلی پیدا ہوگی، سینٹرل ایشیا تک ٹرین چلنے سے بھی ہماری دولت میں اضافہ ہوگا، ایف ڈبلیو او نے کرتارپور رکارڈ ٹائم میں مکمل کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پچھلے مہینے پاکستان کی تاریخ میں سیمنٹ کی رکارڈ فروخت ہوئی ہے، پچھلے مہینے ایف بی آر نے سب سے زیادہ ٹیکس جمع کیا ہے،جیسے جیسے ہماری ہائوسنگ اور تعمیرات کی سرگرمیاں بڑھتی جائیں گی ہماری دولت اور ٹیکس وصولی میں اضافہ ہوگا اور ہماری سکت ہوجائے گی کہ قرضوں کا بوجھ اتار سکیں۔ عمران خان نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کو وسط ایشیائی ممالک سے منسلک کرے گا،لاہور کے راوی منصوبے اور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ سے اربوں کھربوں کی دولت آئے گی، ایم ایل ون سے کراچی اور لاہور کے درمیان سفر 8 گھنٹے ہوجائے گا جبکہ وسطی ایشیا تک ٹرین چلنے سے بھی ہماری دولت میں اضافہ ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ اس وقت ٹیکسٹائل صنعت اپنی پوری صلاحیت سے چل رہی ہے، کوشش ہے کہ چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بھی اٹھائیں تاکہ یہاں سے بھی دولت میں اضافہ ہو اور لوگوں کو روزگار ملے۔