بجلی سے چلنے والی گاڑیاں چارج کرنے کیلئے اسلام آباد میں سپر فاسٹ چارجنگ سٹیشن کا افتتاح
الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے سے معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے۔ سردار یاسر الیاس خان
اگلے مرحلے میں کام والی جگہوں اور شاپنگ مالز میں گاڑیوں کے چارجرز لگائے جائیں گے۔ عامر حسین
اسلام آباد (ویب نیوز ) پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کو متعارف کرانے سے معیشت کیلئے متعدد فوائد پیدا ہوں گے کیونکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی کم ہو گی، صحت مند ماحول فروغ پائے گا، تیل کے درآمدی بل میں نمایاں کمی ہو گی، قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی اور عوام کو سستی ٹرانسپورٹ فراہم ہو گی لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ ملک میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والے سرمایہ کاروں کیلئے مزید پرکشش مراعات کا اعلان کرے تا کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو اور معیشت بہتری کی طرف بڑھے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ٹیسلا انڈسٹریز اسلام آباد کی طرف سے الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنے کیلئے تیار کردہ سپر فاسٹ چارجنگ سٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے کیلئے اب الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروا رہے ہیں لہذا انہوں نے حکومت کی طرف سے پاکستان کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی کو منظور کرنے کے اقدام کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ حکومت اس پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے تا کہ ملک میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کی طرف مثبت پیش رفت ہو۔ انہوں نے کہا کہ تیل سے بجلی کی پیداوار کیلئے حکومت آئی پی پیز کو بھاری رقوم ادا کرنے پر مجبور ہے جبکہ الیکٹرک گاڑیوں کے عام ہونے سے حکومت پر ان ادائیگیوں کا بوجھ کم ہو گا اور گردشی قرضوں کا مسئلہ جو اس وقت ایک گھمبیر صورت اختیار کر چکا ہے اس کو بھی بہتر طور پر حل کیا جا سکے گا۔ انہوں نے الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنے کیلئے ملک کے اندر چارجرز کی ایک مکمل رینج متعارف کرانے پر ٹیسلا انڈسٹریز کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے چارجنگ سٹیشنز کے قیام سے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو بہتر فروغ ملے گا لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کی ہرممکن حوصلہ افزائی کرے۔
ٹیسلا انڈسٹریز اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر حسین نے کہا کہ ان کی کمپنی مختلف صارفین کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 30، 60، 120 اور 250 کلو واٹ کے چارجرزتیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 120کلو واٹ چارجر گاڑی کو 25 سے 30 منٹ میں چارج کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسل انڈسٹریز 1991 سے توانائی کے شعبے میں جدید مصنوعات کو متعارف کروانے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسلا انڈسٹریز نے ملک میں سی این جی کے سب سے بڑے ڈسپینسرز پورے ملک میں متعارف کرائے تھے اور اب ان کی کمپنی ملک میں الیکٹر گاڑیاں چارج کرنے کیلئے چارجنگ سٹیشنز متعارف کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
ٹیسلا انڈسٹریز کے ڈائریکٹر ولید بن عامر نے کہا کہ ان کی کمپنی کے تیار کردہ چارجز کو ایک موبائل ایپ کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے تا کہ صارفین اپنے راستے اور سفر کے مطابق گاڑی چارج کرانے کیلئے پیشگی بکنگ کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسلا انڈسٹریز مستقبل میں کام والی جگہوں اور شاپنگ مالز میں بھی اپنے چارجز زلگانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔