مسجد نبوی انتظامیہ کا زائرین اور آنے والے نمازیوں کی سہولت کیلیے ڈیجیٹل معلوماتی نقشہ جاری
ریاض (ویب نیوز)مسجد نبوی ۖ الشریف کی انتظامیہ نے زائرین اور آنے والے نمازیوں کی سہولت کیلیے ڈیجیٹل معلوماتی نقشہ جاری کیا ہے۔رمضان المبارک کی آمد پر جاری کیے جانے والے الیکٹرانک نقشے کے ذریعے باسانی معلوم کیا جا سکے گا کہ مسجد نبویۖ الشریف میں کہاں جگہ ہے اور کس جگہ مزید افراد کی گنجائش نہیں ہے۔ڈیجیٹل نقشہ اردو، انگلش اورعربی زبانوں میں راہنمائی فراہم کرتا ہے۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق معلوماتی نقشہ اردو، انگلش اور عربی میں جاری کیا گیا ہے جس کا آن لائن ایڈرسhttps://t.co/G4rIlRSxI1?amp=1ہے۔ مسجد نبویۖ الشریف آنے سے قبل اس نقشے کے ذریعے باسانی جگہ کے بارے میں معلوم کیا جا سکے گا۔ معلومات کیلیے مختلف رنگوں کے ذریعے نشاندہی کی جاتی ہے۔سبز رنگ اس امر کی علامت ہے کہ یہاں جگہ خالی ہے، پیلا رنگ یہ ظاہر کرتا ہے کہ جگہ تقریبا بھر چکی ہے جبکہ سرخ رنگ مصروف مقام کی علامت ہے اور سرمئی رنگ کا مطلب ہے کہ جگہ خالی نہیں۔مسجد نبوی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے ڈیجیٹل نقشے سے رمضان المبارک میں نماز باجماعت اور تراویح کیلیے آنے والوں کو کافی سہولت ہوگی اور وہ براہ راست اس مقام پر جا سکیں گے جہاں جگہ خالی ہو گی۔نقشے میں مقامات کی نشان دہی کرتے ہوئے انہیں ایک سے 8 تک نمبردیئے گئے ہیں جن نمبر 1 مسجد نبوی الشریف کا اندرونی حصہ ، 2 خواتین کے لیے مشرقی سمت والا حصہ ، 3 خواتین کیلیے مغربی سمت والا حصہ ، 4 ، مشرقی صحن کا علاقہ، 5 شمالی صحن، 6 مغربی صحن، 7 ، مغربی صحن برائے خواتین، 8 مغربی صحن کا نیا حصہ اور چھت ۔ڈیجیٹل نقشے سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ کس حصہ میں نمازیوں کی تعداد پوری ہے اور کہاں مزید افراد کی گنجائش ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یہ سہولت موجودہ کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کیلیے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جاری کی گئی ہے تاکہ مسجد میں آنے والے افراد کو جگہ تلاش کرنا آسان ہو اورمسجد میں مقررہ گنجائش سے زائدافراد نہ آئیں۔