مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، عمران خان
مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی
ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے،وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ،سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے، مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ریاست کی رٹ ہر صورت میں قائم کریں گے۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی وزرا ء اور حکومتی رہنمائوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سکیورٹی اور مذہبی جماعت کے احتجاج کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ شرکا ء کو تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلہ پر اعتماد میں لیا گیا۔وزیراعظم عمران خاننے کہا کہ مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور نا ہی پرتشدد احتجاج کر کے ریاست کو دبائو میں لایا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے وزیرداخلہ شیخ رشید اور اور وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کو صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تمام صورتحال سے آگاہ کرنے کے لئے پریس کانفرنسز کریں۔ وزیراعظم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سیکورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا قابل تحسین ہے۔