کراچی (ویب ڈیسک)
کراچی کے شادی ہالز مالکان نے 15 رمضان سے شہر بھر میں ہالز کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب ریسٹورنٹس کھلے ہیں تو شادی ہالز کھولنے میں کیا مشکل ہے۔
کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کیٹررز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین قیص منصور شیخ نے کہا کہ سندھ خصوصا کراچی میں کورونا کیسز انتہائی کم ہیں ایسے میں شادی ہالز کی بندش کے باعٹ 10 لاکھ افراد کا روزگار داؤ پر لگ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور سروس کے ساتھ کام کی اجازت ہے تو ہمیں بھی شادی ہالز اوپن ایئر کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دی جائے ، ہم شادی ہالز 15 رمضان سے کھول دینگے۔
کیٹررز ڈیکوریٹرز کے صدر راؤ وقاص نے کہا کہ جہاں 8 فیصد سے زائد کورونا کیسز کی شرح ہے وہاں شادی ہالز بند کئے جائیں لیکن کراچی میں اللہ کا شکر ہے صورتحال بہت بہتر ہے ہمارے مسائل کو سمجھا جائے۔
کراچی بینکوئٹس ہالز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شارق میمن نے کہا کہ گزشتہ برس لاک ڈاؤن کے نقصانات سے باہر نہیں نکل پائے تھے کہ پھر شادی ہالز کی بندش سے مالی مشکلات انتہا کو پہنچ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی شعبے میں ایس او پیز کا اتنا خیال نہیں کیا جاتا جتنا شادی ہالز مالکان نے اختیار کیا ہے۔
شارق میمن نے مکمل ایس او پیز کے ساتھ شہر بھر کے تمام بینکوئٹس 15 رمضان سے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت سے درخواست کی کہ ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے ۔