وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان ہم منصب کا ٹیلیفونک رابطہ
دونوں رہنمائوں کا افغان عمل امن پراب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال
پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے،شاہ محمود
اسلام آباد ،کابل (ویب نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔دونوں رہنمائوں نے افغان عمل امن پراب تک سامنے آنے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ماہ صیام کے حوالے سے مبارک باد کا تبادلہ بھی ہوا۔پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان، پاکستان کے مفاد میں ہے ہم افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی کے خواہشمند ہیں۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کاوشوں میں شراکت دار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کو پرامن اور مستحکم بنانے کیلئے اپنی مصالحانہ معاونت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوںنے کہا کہ افغانستان میں دیر پا قیام امن کی کوششوں میں استنبول پراسس دوحہ ایگریمنٹ کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے معاون ثابت ہو گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹیلیفونک رابطے پر اپنے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کا شکریہ ادا کیا۔افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے پاکستان کی مسلسل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی معاونت کو سراہتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ کا استنبول میں ملاقات پر اتفاق بھی ہوا۔ وزیر خارجہ نے افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کو استنبول پراسس اجلاس کے بعد اسلام آباد مدعو کیا ہے۔