سری نگر (ویب ڈیسک)
مقبوضہ کشمیر کی بھارتی انتظامیہ نے کرونا وائرس کا بہانا بنا کر ریاست کے 20 اضلاع میں رات کا کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک شہری گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے ۔ اس فیصلے سے شہریوں کے لیے نماز تراویح کی ادائیگی مشکل ہو گئی ہے ۔کے پی آئی کے مطابق منگل کے روز مقبوضہ کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر ، منوج سنہا نے ایک ٹویٹ میں اعلان کیا ہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر جموں وکشمیر کے 20 اضلاع میں رات کاکرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ جموں ، اودھم پور ، کٹھوعہ ، سری نگر ، بارہمولا ، بڈگام ، اننت ناگ اور کپواڑہ اضلاع میں 9 اپریل سے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک رات کاکرفیو نافذ تھا۔ اب رات کا کرفیو پورے 20 اضلاع میں نافذ کر دیا گیاہے ۔ گورنر ، منوج سنہا نے ٹرانسپورٹ پابندیوں کا بھی اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ مسافر گاڑیاں صرف50 فیصد سوریاں بٹھائیں گی۔ ضلعی سپرنٹنڈنٹ پولیس اس سلسلے میں تعمیل کو یقینی بنائیں گے ۔