ہماری قوم نے دہشتگردی کو شکست دیتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ،وزیراعظم
اسلام آباد/کوئٹہ (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر وطن عزیز کے امن کوبرباد کرناچاہتے ہیں ہماری قوم نے دہشتگردی کو شکست دیتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ہیں ، عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دینگے۔ہم بیرونی اور اندرونی تمام خطرات سے ہوشیار ہیں۔گزشتہ روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹرعارف علوی نے کوئٹہ بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ملک دشمن عناصر پاکستان کا امن و سکون برباد کرنا چاہتے ہیں، رمضان المبارک میں ایسی مذموم کاروائی کرنے والے ملک دشمن اور اسلام دشمن ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز کوئٹہ دھماکے میں معصوم جانوں کے نقصان پر دلی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہماری قوم نے دہشتگردی کو شکست دیتے ہوئے بڑی قربانیاں دی ہیں ،میں کوئٹہ میں کل کے قابلِ مذمت اور بزدلانہ دہشت گرد حملے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہوں۔ ہماری قوم نے دہشت گردی کو پچھاڑنے کیلئے غیرمعمولی قربانیاں پیش کی ہیں چنانچہ اس عفریت کو دوبارہ سر اٹھانے کی اجازت نہیں دینگے۔ہم بیرونی اور اندرونی تمام خطرات سے ہوشیار ہیں۔دوسری جانب ترجمان وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان رات گئے تک معاملات کی نگرانی کرتے رہے ہیں۔