• ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے پاک فوج کے اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت

اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ڈنمارک اور نیدرلینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کی ہے ۔ منگل کے روز اپنے جاری بیان میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادی اظہار رائے نفرت انگیز تقاریر اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کا نام نہیں، اسلام انسانیت کو امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،یہ عمل دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی سطح کو ظاہر کرتا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھائے ، شدت پسند عناصر کی حوصلہ شکنی کرے جبکہ صدر مملکت نے رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور مکالمے کو فروغ دینے کیلئے عملی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک فوج کے اہلکاروں کے لواحقین سے ٹیلی فون پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ حوالدار اظہر اقبال اور نائیک محمد اسد 20 مارچ کو ڈیرہ اسماعیل خان میں حملے میں شہید ہوئے تھے۔ صدر مملکت نے حوالدار اظہر اقبال کے والد اور نائیک محمد اسد کے بھائی سے رابطہ کیا اور شہداء کو وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے خاندانوں کو بھی اپنے پیاروں کی قربانی دینے پر سلام پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔