بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، شرکت سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا

پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی رابطہ نہیں، مذاکرات کیلئے کوئی خط نہیں لکھا گیا، ان باتوں میں کوئی حقیقت نہیں اور قبل ازوقت ہیں

امریکا کے سابق سیکرٹری خارجہ کا پاک بھارت جوہری جنگ سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے،پاکستان نے ہمیشہ صبر کا مظاہرہ کیا

پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں، عبدالرحمان مکی پر پاکستان اور چین کے مابین کوئی اختلاف نہیں،ممتاززہرہ بلوچ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

اسلام آباد (ویب نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات اسلاموفوبیا ذہنیت کے عکاس ہیں،بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے، شرکت سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا، امریکا کے سابق سیکریٹری خارجہ کا پاک بھارت جوہری جنگ سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے، پاکستان نے ہمیشہ صبر اور ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان اور او آئی سی نے بھرپور انداز میں مذمت کی ہے ، پاکستان او آئی سی اور اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے ، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر پاکستان نے ہالینڈ اور سویڈن کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ازبکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ای سی او کانفرنس میں شرکت کی۔ باکو میں چارٹرآف ریسرچ سینٹر کے قیام پر اتفاق کے علاوہ تجارتی وعلاقائی رابطوں کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی پر بات ہوئی۔ وزیرخارجہ نے ایران، ازبکستان، ترکیہ سمیت خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کیں۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ معصوم کشمیریوں کیخلاف انسانی حقوق کی ورزیاں کی جارہی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں جنوری 1990 میں درجنوں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، پاکستان تمام کشمیری شہدا کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتا ہے اور ہمیشہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم کیخلاف آواز اٹھاتا رہے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس پر میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا اس سال بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کو بھی دعوت نامہ ارسال کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے فی الحال پاکستان کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی رابطہ نہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کو مذاکرات کیلئے کوئی خط وغیرہ نہیں لکھا گیا،اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ مذاکرات کی باتوں میں کوئی حقیقت نہیں اور قبل ازوقت ہیں، اس وقت پاک بھارت مذاکرات کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے اطلاعات سامنے آنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا تھا، ماضی میں بھی بھارت فالس فلیگ آپریشن کر چکا ہے، جبکہ برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے بھارتی مظالم سے پردہ اٹھانے پر بی بی سی دستاویزی فلم پر بھارتی ردعمل آزادی اظہار پر قدغن ہے۔ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران پاکستان کے موقف کی تائید کی گئی ۔انہوںنے کہا کہ امریکا کے سابق سیکرٹری خارجہ کا پاک بھارت جوہری جنگ سے متعلق بیان ان کی ذاتی رائے ہے، پاکستان نے ہمیشہ صبر اور ذمہ دار ملک کا کردار ادا کیا ہے۔ ہالینڈ اور سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر دفتر خارجہ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور او آئی سی نے قرآن پاک کی بیحرمتی کی بھرپور انداز میں مذمت کی ہے۔ پاکستان قرآن پاک کی بے حرمتی پر او آئی سی اور اسلامی ممالک سے رابطے میں ہے۔ دونوں ممالک ہالینڈ اور سوئیڈن کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔ ایسی حرکتیں اسلامو فوبیا ذہنیت کی عکاس ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے عبدالرحمان مکی پر حالیہ لگائی گئیں پابندیوں پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ عبدالرحمان مکی کے بارے میں سلامتی کونسل نے اپنے دائرہ کار میں فیصلہ کیا، پاکستان ذمہ دار ملک کی حیثیت سے سلامتی کونسل کے فیصلوں پر کاربند ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں، عبدالرحمان مکی پر پاکستان اور چین کے مابین کوئی اختلاف نہیں۔