• پاک افغان سرحد عالمی طور پر مسلمہ بارڈر ہے، کچھ عناصر سرحد کو متنازع بنانے کیلئے حملے کرتے ہیں
  • قرآن پاک کی بے حرمتی پر سوئیڈن حکومت کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، سوئس وزیرخارجہ 7 سے 9 جولائی کو سرکاری دورہ کریں گے
  • یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کاعمل جاری، ڈی این اے نمونوں کا تجزیہ کیا جا چکا ہے، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی پریس بریفنگ

اسلام آباد (ویب نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)سے پاکستان کی ڈیل میں امریکی معاونت کی تصدیق کردی، سی پیک میں چین نے 24 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، پاکستان اور چین سی پیک کو آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہیں،پاک افغان سرحد عالمی طور پر مسلمہ بارڈر ہے، کچھ عناصر سرحد کو متنازع بنانے کیلئے حملے کرتے ہیں، قرآن پاک کی بے حرمتی پر سوئیڈن حکومت کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، سوئس وزیرخارجہ 7 سے 9 جولائی کو سرکاری دورہ کریں گے ۔ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ امریکا ہمارے ساتھ آئی ایم ایف ڈیل کیلئے مسلسل رابطے میں رہا ہے۔وفاقی وزیر برائے خزانہ اور محصولات اسحاق ڈار نے بدھ کو پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی تھی اور انہیں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے ساتھ حالیہ معاہدے سے آگاہ کیا تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد عالمی طور پر مسلمہ بارڈر ہے، پاک افغان سرحد کو امن کا بارڈر بنانا چاہتے ہیں، کچھ عناصر سرحد کو متنازع بنانے کیلئے حملے کرتے ہیں۔ ایک سوال کے وجواب میں انہوں نے کہا کہ یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت کاعمل جاری ہے، ڈی این اے نمونوں کا تجزیہ کیا جا چکا ہے، یونان حکومت نے واقعہ کی عدالتی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے قرآن پاک کی بے حرمتی پر کہا کہ سوئیڈن حکومت کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے، سوئیڈن کے ناظم الامور کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے سوئٹزرلینڈ کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سوئس وزیرخارجہ 7 سے 9 جولائی کو سرکاری دورہ کریں گے، اگنازیوکیسس کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔ زہرا بلوچ نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ پاک ترک سالانہ مشاورتی اجلاس گزشتہ روز ہوا، جس میں پاک ترک ہائی لیول کو آرڈینیشن کونسل اجلاس اسلام آباد میں بلانے کا فیصلہ ہوا۔ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سی پیک میں چین نے 24 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی، پاکستان اور چین سی پیک کو آگے بڑھانے کے عزم پر قائم ہیں۔