امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاک چین کے تعلقات کے تناظر میں نہیں دیکھ رہا،ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی ناظم الامور کو سوشل میڈیا پر پاکستانی سفارت خانوں تک رسائی روکنے پر طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

گزشتہ دنوں چین، یورپی یونین اور امریکہ سے انگیجمینٹس بہتر ہوئیں

ہم بھارت کے جی 20 کے مقبوضہ کشمیر میں انعقاد پر دوست ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں،ترجمان کی ہفتہ وار بریفنگ

کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں احسان اللہ احسان کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر تبصرے سے گریز

اسلام آباد (ویب نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ دنوں چین، یورپی یونین اور امریکہ سے انگیجمینٹس بہتر ہوئیں۔امریکہ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاک چین کے تعلقات کے تناظر میں نہیں دیکھ رہا ہے، بھارتی ناظم الامور کو سوشل میڈیا پر پاکستانی سفارت خانوں تک رسائی روکنے پر طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ہم بھارت کے جی 20 کے مقبوضہ کشمیر میں انعقاد پر دوست ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں، انھوں نے  کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں احسان اللہ احسان کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر تبصرے سے گریز کیا۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کیا۔  ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے  ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذوالحج اور عید الاضحی پر نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں چین، یورپی یونین اور امریکہ سے انگیجمینٹس بہتر ہوئیں،  چین کے پولٹ بیورو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یان نے پاکستان کا دورہ کیا، حکومت کے سی پیک منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے عزم کی تجدید کی گئی، کرونا وبا کے پھیلاو کی روک تھام اور چین میں پاکستانی طلبہ کی تعلیم کی بحالی پر شکریہ ادا کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ گزشتہ روز وزیر بلاول بھٹو زرداری کی امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں نے باہمی تعلقات میں مثبت مومینٹم برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، علاقائی صورتحال پر دونوں فریقین نے افغانستان میں مذاکرات جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی نے بھی گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کیا، 30 جون کو متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول کو ٹیلی فون کیا، انہوں نے وزیر خارجہ کی دادی کے انتقال پر تعزیت کی۔   عاصم افتخار احمد  نے بتایا کہ  دفتر خارجہ نے گذشتہ دنوں مینگو فیسٹول کا انعقاد کیا، وزیر خارجہ نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں متعدد سفیر اور سفارتی حکام شریک ہوئے، اس موقع پر واضح کیا گیا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارت خانے مینگو ٹیسٹ تقریبات کا انعقاد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ناظم الامور کو سوشل میڈیا پر پاکستانی سفارت خانوں تک رسائی روکنے پر طلب کیا گیا، پاکستان کی جانب سے اس حوالے سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ  کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات  ایک حساس موضوع ہے، اسی لیے اس پر اراکین پارلیمان کو ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔  اس حوالے سے تمام سرگرمیاں پاکستان کے آئین کے مطابق جاری ہیں، نیو یارک، ایران، مصر اور ترکی کے پاکستانی سفارت خانوں کے اکاونٹس کی بھارتی بندش پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، بھارت کی جانب سے عوام کی سوچ، آواز اور نظریات پر پابندی اس کے عوام پر بڑھتے جبر کی عکاسی ہے۔ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے اس حوالے سے ایک پٹیشن بھی فائل کی گئی ہے، ان اکاونٹس میں ہمارے بیرون ممالک ویری فائیڈ اکانٹس بھی شامل ہیں، ہم آزادی اظہار رائے کے محافظوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارتی اقدامات کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے خود پچھلے دنوں اظہار کیا کہ اب وہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو پاکستان اور چین کے تعلقات کے تناظر میں نہیں دیکھ رہے، کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کی کامیابی کی صورت میں احسان اللہ احسان کے انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے پر تبصرہ نہیں کر سکتا۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت کے جی 20 کے مقبوضہ کشمیر میں انعقاد پر دوست ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں، جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک متنازع خطہ ہے۔