نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارتی سپریم کورٹ نے جمعرات کو ملک میں کورونا وباء کے خوفناک حالات پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے مودی حکومت کو ایک نوٹس جاری کردیا۔ سپریم کورٹ آکسیجن اور ضروری ادویات کی فراہمی کے ساتھ ویکسینیشن کے لیے قومی پالیسی بنانا چاہتی ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ اس معاملے پر جمعے کو سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین ججوں کے بینچ نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا سے کہا ہے کہ وہ کووڈ وبا سے متعلق قومی منصوبہ عمل پیش کریں۔اس سے قبل کووڈ کے حوالے سے ملک کی 6 مختلف عدالتوں میں سماعت جاری تھی۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ صورتحال بے قابو ہوتی جارہی ہے۔سپریم کورٹ نے مزید کہا ہے کہ کووڈ کی چھ مختلف اعلی عدالتوں میں ہونے والی سماعت سے الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔ اب سپریم کورٹ ان تمام معاملات کی سماعت کرے گی۔عدالت عظمی نے سینئر ایڈوکیٹ ہریش سالوے کو امیکس کیوریا مقرر کیا ہے۔ ہائی کورٹ کو کوڈ کی وبا کے پیش نظر لاک ڈاون نافذ کرنے کا عدالتی حق ہے یا نہیں سپریم کورٹ اس کا بھی فیصلہ کرے گی۔واضح رہے کہ بروز پیر اتر پردیش میں واقع الہ آباد ہائی کورٹ نے ریاست کے پانچ شہروں میں لاک ڈاون نافذ کیا تھا تاہم اس فیصلے کو سپریم کورٹ نے معطل کر دیا تھا۔z
#/S