13فیصد سے زائد کورونا مثبت شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈائون کی تجویز
این سی او سی کا اہم اجلاس آج (جمعہ کو) ہو گا، وفاق نے پابندیاں سخت کرنے بارے تجاویز صوبوں کو بھجوا کر رائے طلب کر لی
پہلے فیز میں شام 6 تا سحری کاروباری سرگرمیاں بند کرنے ،فیز ٹو میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 دن لاک ڈائون کی تجویز ہے
وزیرِ اعظم سے اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملاقات کی، عمران خان کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی
اسلام آباد(ویب نیوز) وفاقی حکومت نے مثبت کورونا کیسز کی شرح 13فیصد سے تجاوز ہونے پر شہروں میں مکمل لاک ڈائون لگا نے کی تجویز دی ہے ۔ فیز ٹو میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10دن لاک ڈائون کی تجویز ہے۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر(این سی او سی)اسد عمر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران وزیرِاعظم عمران خان کو ملک میں کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کووروناکا اجلاس طلب کر لیا۔دوسری طرف ملک بھر میں کورونا وائرس کی خوفناک صورتحال کے بعد حکومت سخت فیصلے کرنے کے لیے تیار ہو گئی ہے، این سی او سی کا اہم اجلاس آج (جمعہ کو) ہو گا۔ذرائع کے مطابق وفاق نے پابندیاں سخت کرنے کے بارے میں تجاویز صوبوں کو بھجوا دی ہیں اور صوبوں سے رائے طلب کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی کورونا پابندیاں دو مراحل میں سخت کرنے کی تجویز ہے، پہلے فیز میں شام 6 تا سحری کاروباری سرگرمیاں بند کرنے کی تجویز ہے۔ شام کے اوقات میں صرف پٹرول پمپس، ویکسینیشن سنٹرز، فارمیسز کھلی رکھنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق ہفتہ ،اتوار کاروباری سرگرمیاں مکمل بند کرنے کی تجویز ہے۔ ہفتہ، اتوار پٹرول پمپ، فارمیسی، سبزی، پولٹری شاپس کھلی رکھنے کی تجویز ہے، ہفتہ، اتوار کو کورونا ویکسینیشن سنٹرز کھلے رکھنے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر میں 50 فیصد عملے کی حاضری کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کی تجویز ہے۔ متعلقہ وزارت، محکمہ، بینک کے سربراہ عملدرآمد کے جوابدہ ہونگے، وفاقی حکومت کی دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دوپہر 2 بجے کرنے کی تجویز ہے۔ذرائع کے مطابق جم، ایکسرسائز سنٹرز مکمل طور بند کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے، فیز ون کے دوران کورونا کا پھیلائو نہ رکنے پر لاک ڈائون کے نفاذ کی تجویز ہے۔ مثبت کورونا کیسز کی شرح 13 فیصد سے تجاوز پر شہروں میں مکمل لاک ڈائون نفاذ کی تجویز ہے۔ فیز ٹو میں ہائی رسک شہروں میں 7 تا 10 دن لاک ڈائون کی تجویز ہے۔