بغداد (ویب ڈیسک)
عراقی دارالحکومت بغداد میں کورونا کے اسپتال میں سلینڈر پھٹنے سے 45 مریض ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی دارالحکومت بغداد کے ابن الخطیب اسپتال میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے باعث آتشزدگی کے نتیجے میں 45 کورونا کے مریض ہلاک ہوگئے، واقعہ کے بعد فوری طور پر آگ بجھانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں اور اسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے تیمارداروں سمیت دیگر عملے کو باہر نکالا گیا۔
عراقی شہری دفاع کے مطابق اسپتال میں آگ بجھانے کا کوئی انتظام نہیں جس کی وجہ سے آگ نے تیزی سے پورے اسپتال کو اپنی لپیٹ میں لیا جب کہ مریضوں کو آگ کی وجہ سے وینٹیلیٹرز سے ہٹانا پڑا جس کے باعث زیادہ جانی نقصان کا سامنا ہوا۔
انسانی حقوق کمیشن نے واقعہ کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے عراقی وزیراعظم سے وزیر صحت کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد عراقی وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔