انڈیا اور دوسرے ممالک جہاں کرونا بے قابو ہے فی الفور آمدورفت کی بندش کی جائے۔پروفیسر اشرف نظامی کی پریس کانفرنس
لاہور (ویب ڈیسک)
پی ایم اے نے کورونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر پنجاب میں 15 دن کے لئے مکمل لاک ڈائون کا مطالبہ کر دیا۔ حکومت وقت ویکسین کی فراہمی میں مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی، ہم اقوام عالم اور خطے میں ویکسین میں نچلی سطح پر نظر آتے ہیں۔ان خیالاات کا اظہار پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن لاہور کے صدر پروفیسر اشرف نظامی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپروفیسر تنویر انور،پروفیسر شاہد ملک، پروفیسرخالد محمود خان، ڈاکٹر ارم شہزادی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔پروفیسر اشرف نظامی نے کہا کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میںکورونا کے 790016 کنفرم کیسز ہیں اور 86529ایکٹیو کیسز ہیں جن میں سے صرف.پنجاب میں 45510 کیسز رجسڑڈ ہیں انہوں نے کہا کہ پچھلے 24گھنٹوں میں 5908نئے کیسزرپورٹ ہوئے جبکہ 159اموات ہوئی ہیں.۔ پورے ملک میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 18سے 75 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے اور شرح اموات 2.20 ہے۔جو کہ ایک خطرے کی گھنٹی ہے۔ایکٹیو کیسز، HDU ، آکسیجن بیڈز، ونٹی لیٹر بیڈز کے اعدادوشمار واضح کر رہے ہیں کہ ملک کا ہیلتھ کا نظام Choke ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تو وہ اعدادو شمارہیں جو سرکاری سطح پر ٹیسٹنگ کے نتیجے میں سامنے آئے ہیں۔ہم بہت محتاط اندازے اور سائنسی اعتبار سے دیکھیں تو یہ تعداد بائیس کروڑ کی آبادی میں لاکھوں سے تجاوز کرتی ہے ۔ہمیں خدشہ ہے حکومتی نامناسب اقدامات، عوامی سماجی رویوں اور SOPs کی شدید خلاف ورزی کے باعث یہ تعداد آنے والے دنوں میںخطرناک حد تک بڑھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت وقت ویکسین کی فراہمی میں مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہوئی ہے۔ ہم اقوام عالم اور خطے میں ویکسین میں نچلی سطح پر نظر آتے ہیں۔ جو باعث شرم ہے۔جس رفتار سے پاکستان میں مانگے تانگے کی ویکسین میسر آنے پر ویکسی نیشن کی جا رہی ہے اُس سے تقریباً 75سالوں میں ہم اپنی عوام کو ویکسی نیشن دے سکیں گے۔اس وقت جب کہ دنیا اپنی سرحدیں بند کر رہی ہے پاکستان میں ناقص حکمت عملی کے تحت کرتارپور میں انڈیا سے زائرین کی Unchecked آمد ہے۔ اسی طرح ائیرپورٹس سے غیر محفوظ انٹری کے سبب Multi Strain Crona کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں اور شرح اموات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔پروفیسر اشرف نظامی نے مطالبہ کیا کہ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی میں پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے ہسپتال مشاورت کے ساتھ اپنے کنٹرول میں لے،حکومت فی الفور ملکی سطح پر اور بالخصوص پنجاب میں15 دن کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ کرے۔عوام بالخصوص ہیلتھ پروفیشنلز کو جلد از جلد ویکسین کی فراہمی یقینی بنائے۔بگڑتے ہوئے حالات کی پیش بندی کیلئے منصوبہ بندی کرے اور ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے۔یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ انڈیا اور دوسرے ممالک جہاں کرونا بے قابو ہے فی الفور آمدورفت کی بندش کی جائے،پنجاب حکومت جان بچانے والی انٹی وائرل ادویات کی خریداری پر پابندی ختم کر کے علاج معالجہ میں فراہمی یقینی بنائے۔نیزاو، اے لیول کے امتحانات کے لئے دنیا میں مروجہ اصول کی بنیاد پر ہی بچوں کو پروموٹ کیا جائے۔