لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن کا سٹاک ختم ہونے لگا
سروسزہسپتال 16گھنٹے ،جنرل ہسپتال 30،میوہسپتال 19گھنٹے،جناح ہسپتال میں 17گھنٹے کا آکسیجن بیک اپ موجود
لاہور (ویب نیوز) لاہور کے7 بڑے ہسپتالوں میں آکسیجن کا سٹاک ختم ہونے لگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے میو، سروسز، جناح، لاہور جنرل، گنگارام، پی کے ایل آئی اور شیخ زاہد ہسپتال میں 24 گھنٹے تک کا آکسیجن موجود ہے۔ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ آکسیجن پلانٹ اور بیک اپ سلنڈرز کو بھی بھرایا جارہا ہے۔ایم ایس جنرل ہسپتال نے کہا کہ مقررہ مقدار کم ہونے سے آکسیجن پریشر متاثر ہوتا ہے۔ ایم ایس جناح ہسپتال نے کہا کہ ہر 18 گھنٹے کے بعد آکسیجن سپلائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایم ایس میو ہسپتال نے کہا کہ آکسیجن کا استعمال معمول سے 5 گناہ زیادہ ہے۔سروسز ہسپتال میں 16 گھنٹے کی آکسیجن سپلائی کا بیک اپ موجود ہے جبکہ جنرل ہسپتال میں 30 گھنٹے کا بیک اپ موجود ہے۔ میو ہسپتال میں 19 گھنٹے کا بیک اپ موجود ہے اور جناح ہسپتال میں 17 گھنٹے کا آکسیجن بیک اپ موجود ہے۔ گنگارام ہسپتال میں 30 گھنٹے کا بیک اپ موجود ہے جبکہ شیخ زاہد ہسپتال میں 50 گھنٹے کی آکسیجن سپلائی کا بیک اپ موجود ہے۔لاہور میں 80 فیصد سے زائد آئی سی یو بیڈز پر مریض داخل ہیں۔ لاہورمیں آئی سی یو بیڈز کا آکو پینسی ریٹ 87 اعشاریہ 5 صفر تک پہنچ گیا ۔ لاہور میں کورونا سے متاثرہ ایک ہزار 304 مریض سرکاری و نجی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور زیر علاج مریضوں میں سے 262 انتہائی تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔673 تشویشناک مریض ہائی ڈپینڈینسی یونٹ میں زیر علاج ہیں جبکہ 369 مریضوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ۔ لاہورمیں اب تک کورونا کے ایک لاکھ 54 ہزار196 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔