لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال میں بجلی بندش کے باعث مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی بند

بجلی کی بندش کے باعث ہسپتال میں  نیفرالوجی وارڈ میں ڈائیلائسز مشینیں بھی بند،مرکز صحت کی لفٹ سروس بھی معطل

لاہور (  ویب  نیوز)

مبینہ بدانتظامی کی وجہ سے لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال میں دو گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بندش کے باعث مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی بند ہوگئی۔ کے مطابق ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں شامل سر گنگا رام ہسپتال میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ طبی مرکز میں جنریٹرز بھی کام نہیں کر رہے ہیں۔بجلی بند ہونے سے مریضوں کو دی جانے والی آکسیجن کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گردوں کے امراض سے متعلق وارڈ میں علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بھی مکمل طور پر بند ہوچکی ہے۔بجلی کی بندش کے باعث ہسپتال میں نیفرالوجی وارڈ میں ڈائیلائسز مشینیں بھی بند ہیں، اس کے علاوہ مرکز صحت کی لفٹ سروس بھی معطل ہے۔2 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر جانے کے باوجود گنگارام ہسپتال کی بجلی بحال نہ ہوسکی۔واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی مبینہ بدانتظامی کی وجہ سے لاہور کے سر گنگا رام ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں بجلی کی فراہمی دن بھر معطل رہنے سے ڈاکٹروں اور مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔طویل لوڈشیڈنگ کے دوران ڈاکٹرمریض کا آپریشن کر رہے تھے کہ انہیں اسے مکمل کرنے کے لیے ٹارچ اور دیگر آلات کا استعمال کرنا پڑا تھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں ڈاکٹرز کو مدھم روشنی میں آپریشن کرتے دکھایا گیا تھا۔واقعہ پر محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے اظہار برہمی کیا تھا اور نوٹس لیتے ہوئے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے رپورٹ طلب کرلی تھی۔انہوں نے واقعہ کی ذمہ داری کا تعین کرنے اور تفصیلی تحقیقات کے لیے سینئر افسران کی ٹیم کو ہسپتال روانہ کیا اور ٹیم کو جلد از جلد اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔لاہور میں بدانتظامی بالخصوص بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں۔