اسرائیلی فوج کا الشفا ہسپتال میں آپریشن جاری ، مریضوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم

 الشفا میں 500 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 358 حماس اور اسلامی جہاد کے ارکان ہیں، اسرائیلی فوج کا دعویٰ

الشفا میں آپریشن کے دوران حماس اور اسلامی جہاد کے درجنوں اعلی کمانڈروں سمیت 140 سے زائد افراد کو ماردیا گیا ہے ،اسرائیلی فوج

جاں بحق ہونے والے زخمی مریض اور بے گھر فلسطینی تھے، صحت کی سہولیات پر حملہ جرم ہے، حماس کی الشفا میں اپنے ارکان کی موجودگی کی تردید

غزہ( ویب  نیوز)

الشفا ہسپتال میں اسرائیلی آپریشن جاری ہے، اسرائیلی فوج نے سینکڑوں مریضوں، بے گھر فلسطینیوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دے دیا۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال پر محاصرے مزید کئی دن تک جاری رہے گا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک بیان میں دعوی کرتے ہوئے کہا کہ حماس ہسپتال کے اندر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمارت میں موجود دہشت گردوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کرتے رہتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج عمارت میں پھنسے تقریبا 220 مریضوں کو دوسری جگہ منتقل کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا اسرائیلی فوج نے الشفا میں 500 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 358 حماس اور اسلامی جہاد کے دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے انتہائی سینئر عہدیداروں کو گرفتار کیا ہے جن سے پوچھ گچھ کے بعد ان کا نام ظاہر کیا جائے گا۔ اسرائیل ڈیفنس فورسز نے الشفا میں آپریشن کے دوران 140 سے زائد افراد کو مارے جانے کا دعوی کیا ہے جن میں حماس کے درجنوں اعلی کمانڈروں کے ساتھ ساتھ اسلامی جہاد سے تعلق رکھنے والے بھی شامل ہیں، جبکہ دو اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ حماس نے الشفا میں اپنے ارکان کی موجودگی کی تردید کی ہے، انہوں نے دعوی کیا کہ جاں بحق ہونے والے زخمی مریض اور بے گھر فلسطینی تھے، بین الاقوامی قانون کے مطابق صحت کی سہولیات پر حملہ جرم ہے۔