اسرائیلی فورسز فوج کی غزہ میں مکان پر بمباری ، امداد کے منتظر فلسطینیوں پرفائرنگ،26شہید
رفح میں زمینی آپریشن انسانی تباہی کا سبب بنے گا، ہمارے پاس جنگ روکنے کا اختیار نہیں، انتونیو گوتریس
اتنے لوگوں کو مرتا ہوا اور اتنی اذیتوں میں نہیں دیکھا جاسکتا،اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رفح کراسنگ کے دورہ کے موقع پر گفتگو
انتونیو گوتریس کی سربراہی میں اقوام متحدہ اسرائیل مخالف ادارہ بن چکا، اسرائیلی وزیرخارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے رفح کے دورے پر ردعمل

 اسرائیل نے طولکرم میں ایک فوجی کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی
 حماس نے غزہ میں الشفا کمپلیکس کا گھیراؤکرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کردیئے، متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی  
غزہ/رفح ( ویب  نیوز)

اسرائیلی فورسز نے غزہ میں دیر البلاح میں ایک مکان پر بمباری کرکے 7 فلسطینیوں کو شہید کردیا جبکہ ایک بار پھر امداد کے منتظر فلسطینیوں پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مزید 19 فلسطینی شہید ہوگئے۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے خبردار کیا کہ رفح میں زمینی آپریشن انسانی تباہی کا سبب بنے گا۔ غزہ میں جنگ بندی کی کوششیں مشکلات کا شکار نظر آتی ہیں، حماس کے ایک رکن نے بتایا کہ اسرائیل نے جنگ بندی کے لیے ان کی حالیہ تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح کراسنگ کا دورہ کیا، انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا کہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے، ہمارے پاس جنگ روکنے کا اختیار نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے اپیل ہے کہ غزہ جنگ روکی جائے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ اتنے لوگوں کو مرتا ہوا اور اتنی اذیتوں میں نہیں دیکھا جاسکتا، اسرائیل کو انسانی امداد کی رسائی پورے غزہ میں بلا روک ٹوک دینی چاہیے۔ انتونیو گوتریس کے رفح کے دورے پر اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ انتونیو گوتریس کی سربراہی میں اقوام متحدہ اسرائیل مخالف ادارہ بن چکا، اقوام متحدہ ایسا ادارہ بن چکا جو دہشت گردی کا تحفظ اور پشت پناہی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 ہزار 142 فلسطینی شہید اور 74 ہزار 412 زخمی ہو چکے ہیں۔ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے رفع میں بڑے زمینی آپریشن کرنے کی منظوری دی ہے، نیتن یاہو نے بیان دیا کہ حماس کے خلاف مکمل فتح ہی 5 ماہ سے جاری غزہ جنگ کا واحد حل ہے۔

مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں حماس کا حملہ، افسر سمیت 4 اسرائیلی فوجی ہلاک
 اسرائیل نے طولکرم میں ایک فوجی کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کر دی
 حماس نے غزہ میں الشفا کمپلیکس کا گھیراؤکرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کردیئے، متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک و زخمی  

غزہ /طولکرم ….مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں حماس کے حملے میں افسر سمیت4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، جبکہ حماس نے غزہ میں الشفا کمپلیکس کا گھیراؤکرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کرکے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی کر دئیے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق القدس بریگیڈ کا کہنا ہے کہ طولکرم میںہلاک ہونے والے چاروں اسرائیلی فوجی کار میں سوار تھے۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایک فوجی کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ حماس کی قید میں موجود ایک اسرائیلی دوا نہ ملنے اور غذا کی کمی کے باعث مرگیا، حماس نے مغوی کی ویڈیو بھی جاری کر دی۔ اس کے علاوہ حماس نے الشفا کمپلیکس کا گھیرا ؤکرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کرکے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی کر دئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بھی حماس نے الشفا کمپلیکس کا گھیرا ؤکرنے والے اسرائیلی ٹینک پر راکٹ حملے کرکے انہیں تباہ کیا تھا۔ واضح رہے فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور 74 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
#/S