وزیر اعظم کا پیکج کا اعلان’ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کی نوید ‘ قربان علی
سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو کیساتھ دیگر علاقوں میں انٹرنیشنل ائیرپورٹس کاقیام ناگزیر
سستی بجلی منصوبوں کیلئے جی بی موذوں جگہ’ غیر ملکی سرمایہ کار بھی دلچسپی رکھتے ہیں ‘ چیئرمین کیپٹل آفس
اسلام آباد(ویب نیوز ) قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا ہے کہ 370ارب کا ترقیاتی پیکج گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی کی نوید ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا خطے کیلئے تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ گلگت بلتستان کو اللہ پاک نے جہاں قدرتی حسن سے نوازا ہے وہیں اس میں خزانے بھی بھردئیے ہیں ۔ مائنز اینڈ منرل، ہائیڈرو پاور ، جیمز سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھی وسیع مواقع موجود ہیں ۔سڑکوں کی تعمیر اورانٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قیام سے سیاحت کے فروغ میں خاصی مدد ملے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں گلگت بلتستان کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کے دورا ن گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے مزید کہا کہ سیاحت کو فروغ دینے سے صرف اس خطے کو ہی نہیں بلکہ پورا ملک پاکستان کو سالانہ اربوں کا فائدہ ہوگا۔ گلگت بلتستان میں بزنس انکیو بیشن سینٹر کے قیام سے نہ صرف کاروباری برادری اور سرمایہ کار مستفید ہونگے بلکہ بیروزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی اور نوجوانوں ہنر سیکھ کر اپنا روزگار حاصل کر سکیں گے ۔ قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے مزید کہا کہ حکومت کو ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی ریلیف اور چھوٹ کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے اور گلگت بلتستان میں سیاحت کیساتھ ساتھ صنعتی، تجارتی سرگرمیوں می بھی اضافہ ممکن ہو سکے ۔انہوں نے زراعت کی ترقی کیلئے سیاحت کے شعبوں کو یکجا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا کہ ایگرو ٹورازم منصوبے پر عملدرآمد کرتے ہوئے خصوصی توجہ دی جائے تاکہ سیاحت کیساتھ ساتھ زراعت کا شعبہ بھی سیاحوں کی توجہ مرکز بنے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے محرومیوں کا ازالہ کردیا ہے ۔ قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا کہ سکردو ائیر پورٹ کی توسیع اور انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا درجہ دینے کے ساتھ ساتھ مزید علاقوں میں بھی انٹرنیشنل ائیر پورٹس قائم کیے جائیں تاکہ سیاح و سرمایہ کار جس علاقے میں جانا چاہتے ہوں اپنے ملک سے ڈائریکٹ اس علاقہ کو پہنچ سکیں ۔ سیاحت کے فروغ کیلئے گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں موجود سیاحتی مقامات پر انٹرنیشنل ائیرپورٹس کا قیام انتہائی ضروری ہے ۔ ہائیڈل پاور،سیاحت کا مربوط نظام،بابو سر ٹنل،یوتھ سکلز وسکالرشپ اہم پروگرام ہیں،انفراسٹرکچر کی بہتر ی بھی ناگزیر ہے،سمال ومیڈیم انڈسٹری پر وفاقی حکومت کی توجہ سے یہاں کے تاجروں کی محرومیوں کا زالہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کاادارہ ہے جو حکومت اور تاجروں کے مابین پل کا کردار ادا کرتا ہے ۔ ملک میں سرمایہ کاری ، معاشی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار سے وابستہ مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ سے جدوجہد کرتا آیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی اور ہوا سے بننے والی بجلی انتہائی سستی ہے اور اس کی پیداوار کیلئے گلگت بلتستان موذوں علاقہ ہے ۔ بیشتر غیر ملکی سرمایہ کار اس شعبے میں کافی دلچسپی رکھتے ہیں ۔ قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اس شعبے پر توجہ خوش آئند ہے ۔ گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور منصوبوں سے ملک میں بجلی بحران پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد مل سکے گی ۔
—