نئی دہلی (ویب ڈیسک)
بھارت میں کورونا سے صورتحال مزید سنگین ہو چکی ہے، مزید 3 ہزار 920 اموات ہوئیں، ایک دن میں 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
بھارت کورونا وائرس کا گڑھ بن چکا ہے، ایک روز میں مزید 3 ہزار 920 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ مزید 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے اصل حقائق سامنے نہیں لائے جا رہے۔
ملک بھر کے سپتالوں میں آکسیجن کا بحران جاری ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آکسیجن کا بندوبست کر رہے ہیں۔ بروقت آکسیجن نہ ملنے پر کئی مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔ حکومت نے ویکسین کا اہتمام کیا تو وہاں لوگوں کا رش لگ گیا۔ خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس کو آنا پڑا۔
دلی میں ایمبولینس کی کمی کی وجہ سے کئی رکشوں کو ایمبولینس میں بدل دیا گیا، کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ملک کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کہ موجودہ صورتحال میں مالی طور پر کمزور طبقے کو مالی امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔