وزیراعظم عمران خان روضہ رسول اللہ ۖ پر حاضری کے لیے مدینہ پہنچ گئے
گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے استقبال کیا
مدینہ (ویب نیوز)وزیرِ اعظم عمران خان اور خاتون اول بشری بی بی روضہ رسول اللہۖ پر حاضری دینے کے لیے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ وزیرِ اعظم ان دنوں سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب میں ہیں۔ مدینہ آمد پر ان کا استقبال گورنر مدینہ منورہ امیر فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے کیا،وزیراعظم کے ساتھ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر
پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان بھی موجود ہیں۔ معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں ،دوسری طرف وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹر پر بتایا کہ وزیراعظم عمران خان مدینہ منورہ ننگے پاوں گئے۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان اور سعودی
عرب کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان میں توانائی، مواصلات، ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں 50 کروڑ ڈالر کی مالی اعانت کے فریم ورک کی مفاہمتی یادداشت سمیت مختلف شعبوں باہمی معاہدوں پر دستخط کیے۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل اور افغانستان امن مفاہمتی عمل سے متعلق کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔عمران خان اور شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کونسل تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ دونوں ممالک میں جرائم کی روک تھام کیلئے سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی، انسداد منشیات، توانائی، پن بجلی گھر سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی