• الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کے وکلا سے دلائل دینے کے لیے انڈرٹیکنگ لینے کی استدعا کردی
  •  عدالت نے فریقین کے وکلاء سے یقین دہانی کیلئے دستخط لئے، سماعت(کل) 5 مئی تک ملتوی کردی

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پردلائل طلب کرلئے۔بدھ کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری اور بیرسٹرگوہر عدالت میں پیش ہوئے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک روز حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، 5 مئی تک کیس کی سماعت ملتوی کی جائے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عمران خان کے وکلاء سے دلائل دینے کے لئے انڈرٹیکنگ لینے کی استدعا کی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلاء سے یقین دہانی کے لیے دستخط لئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت(کل) 5 مئی تک ملتوی کردی۔