قبوضہ بیت المقدس (ویب ڈیسک)
اسرائیل کی غزہ پر بمباری جاری ہے، 10 بچوں سمیت 28 فلسطینی شہید ہوگئے، 152 زخمی ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نے فلسطینیوں پر حملے بڑھانے کا حکم دیا ہے، حماس کے جوابی حملوں میں دو یہودی آبادکار ہلاک، 7 زخمی ہوگئے۔
غزہ میں قیامت صغریٰ کا منظر ہے، سفاک اسرائیل کی بمباری جاری ہے، غزہ کی گلیوں میں خون ہی خون نظر آ رہا ہے، ہسپتال شہیدوں اور زخمیوں سے بھر گئے، عورتوں بچوں سمیت کئی فلسطینی شہید ہوگئے سو سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ پر حملوں میں اضافے کا حکم دےد یا۔ صہیونی فورسز نے غزہ کے بارڈر پر ٹینک بھی تعینات کردئے۔
وحشیانہ بمباری میں فلسطینیوں کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ عورتیں اور بچے پناہ کی تلاش میں غزہ کی گلیوں میں دوڑتے رہے۔
شہدا کی تدفین کے دوران غمناک مناظر سامنے آئے۔ معصوم بچہ اپنوں کی جدائی برداشت نہ کرسکا، بھاگ کر بھائی اور والد کے جنازے کے پاس جا پہنچا، بچے کی بے بسی نے دیکھنے والوں کو رلا دیا۔گیارہ سالہ بچے کے جنازے نے بھی کہرام مچا دیا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے اسرائیلی مظالم کا بھر پورجواب دیا، اسرائیلی علاقوں پر میزائلوں کی بارش کردی، ایک دن میں تین سو سے زائد راکٹ اسرائیلی شہروں پر برسائے، حماس کے راکٹ حملوں سے افراتفری پھیل گئی۔
اسرائیل کے شہر اشکیلون میں فلسطینیوں کے میزائل حملے میں دو یہودی آبادکار ہلا ک ہوگئے جبکہ کئی زخمی ہیں،
شہر لُد میں اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کردیا، مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے میں اسرائیل کا فلسطینیوں پر تشدد جاری ہے، دو روز میں زخمیوں کی تعداد ساڑھے پانچ سو سے تجاوز کرگئی۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل سے غیر قانونی طاقت کا استعمال فوری روکنے کامطالبہ کیا ہے، عرب لیگ کے سربراہ نے غزہ پراسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔