اسلام آباد: (ویب نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا نام ابھی تک ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا، کابینہ سے سمری آنے پر قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ایسا کیس ہے جس میں 14 ملزم پہلے ہی ای سی ایل پر ہیں، اس کیس میں شہباز شریف کے خاندان کے پانچ ملزم پہلے ہی مفرور ہیں، شہباز شریف خود نواز شریف کے ضمانتی ہیں، شہباز شریف براہ راست لندن نہیں جا رہے تھے انہوں نے پہلے قطر جانا تھا، قطر میں شہباز شریف نے 15 دن قرنطینہ کرنا تھا، ہمارے پاس شہباز شریف کی کوئی میڈیکل رپورٹ نہیں آئی۔
قبل ازیں وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف اپنے بیان میں کہا کہ مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارجیت آج پانچویں روز بھی جاری ہے، عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیل اب تک 140 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا، مسلمان ملکوں کو اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کا فوری نوٹس لینا چاہئے، اسرائیلی جارحیت اور انتہاپسندی کو روکنا اقوام عالم کی ذمہ داری ہے۔